کراس کنٹری ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، پاکستان میزبانی کریگا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان رواں سال پہلی مرتبہ ساؤتھ ایشین کراس کنٹری ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی میزبانی کرے گا۔ یہ ایونٹ 24 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، اس سلسلے میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کو ایونٹ کے انعقاد کیلئے این او سی بھی جاری کردیا ہے۔ساؤتھ ایشین کراس کنٹری چیمپئن شپ میں پاکستان، بھارت، بنگلا دیش، بھوٹان، نیپال، سری لنکا اور مالدیپ کے ایتھلیٹس شرکت کریں گے جس کیلئے حکومت پاکستان نے تمام ممالک کی ٹیموں اور بشمول بھارت کی شرکت کی کلیئرنس دے دی ہے۔ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کی مزید تفصیلات جلد جاری کردی جائیں گی۔ واضح رہے کہ کراس کنٹری ایتھلیٹکس ایک ایسا رننگ ایونٹ ہے جس میں ٹیمیں اور انفرادی ایتھلیٹس نیچرل فیلڈ جیسے مٹی، گھاس اور جنگلاتی علاقوں میں دوڑ لگاتے ہیں۔ اس ایونٹ کا ٹریک عام طور پر 3 سے 12 کلومیٹر لمبا ہوتا ہے اور اس میں اونچائی، میدانی علاقے اور کبھی کبھار کنکریلی سڑک اور چھوٹی رکاوٹیں شامل ہوتی ہیں۔