کینال منصوبے کے خلاف احتجاج
پیپلز پارٹی نے دریائے سندھ سے نکالی جانے والی چھ نہروں کے منصوبے کے خلاف احتجاج کیا جس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اِس سے قبل سندھ اسمبلی میں چھ کینال منصوبے کے خلاف قرار داد بھی پاس کی جا چکی ہے۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے نئے پارلیمانی سال کے آغاز پر اپنے خطاب میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ دریائے سندھ سے مزید نہروں کا منصوبہ ترک کر دیا جائے جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی وزیراعظم سے ملاقات میں بھی اِس مسئلے پر بات چیت کی۔ صرف سندھ کی قوم پرست جماعتیں ہی نہیں بلکہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے علاوہ تحریک انصاف نے بھی اِس منصوبے کی مخالفت کی ہے۔ گرین پاکستان منصوبے کے تحت بننے والی چھ نہروں میں چشمہ رائٹ بینک، کچھی، رینی، گریٹر تھل، چولستان اور تھر کینال شامل ہیں۔اُمید کی جانی چاہیے کہ وفاقی حکومت اِس مسئلے پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی اور قومی اہمیت کے اِس منصوبے کو اتفاقِ رائے سے تکمیل تک پہنچائے گی۔
٭٭٭٭٭