ایرانی صدر نے انٹار کٹیکا کا مہنگا  دورہ کرنے پر اپنے نائب کو برطرف کردیا 

ایرانی صدر نے انٹار کٹیکا کا مہنگا  دورہ کرنے پر اپنے نائب کو برطرف کردیا 
ایرانی صدر نے انٹار کٹیکا کا مہنگا  دورہ کرنے پر اپنے نائب کو برطرف کردیا 
سورس: WIkimedia Commons

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تہران (ڈیلی پکاستان آن لائن) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ہفتے کے روز اپنے نائب برائے پارلیمانی امور شاہرام دبيري کو برطرف کر دیا، جنہوں نے ملک میں جاری شدید اقتصادی بحران اور افراطِ زر کے باوجود مہنگے انٹار کٹیکا سفر پر تنقید کا سامنا کیا۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں شاہرام دبيري اور ایک خاتون ،  جنہیں ان کی بیوی بتایا جا رہا ہے،  ہالینڈ کے پرچم بردار ’پلانسیئس‘ کروز شپ کے قریب کھڑے دکھائی دیے۔

بی بی سی کے مطابق یہ لگژری جہاز 2009 سے انٹار کٹیکا کے سیاحتی دورے کراتا ہے اور ایک ایجنسی کے مطابق آٹھ روزہ سفر کی قیمت فی فرد 3885 یورو ہے۔ صدر پزشکیان نے سرکاری خبررساں ایجنسی ’ارنا‘ کے توسط سے جاری اپنے خط میں لکھا کہ "ایسی صورتحال میں جب عوام پر اقتصادی دباؤ بڑھ رہا ہے،  سرکاری اہلکاروں کے مہنگے تفریحی دورے، چاہے وہ ذاتی خرچ پر ہی کیوں نہ ہوں، نہ تو قابلِ دفاع ہیں اور نہ ہی قابلِ قبول ہیں۔"

چونسٹھ  سالہ دبيري پیشے کے لحاظ سے معالج ہیں، وہ  اگست میں اس عہدے پر فائز ہوئے تھے اور انہیں صدر کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ تصویر منظرِ عام پر آنے کے بعد حکومت کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، اور حتیٰ کہ صدر کے بعض حامیوں نے بھی ان سے مطالبہ کیا کہ دبيري کو ہٹایا جائے۔ گزشتہ ماہ کے آخر میں ارنا نے دبيري کے دفتر کے ایک ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ یہ سفر انہوں نے سرکاری عہدہ سنبھالنے سے پہلے کیا تھا۔