پنجاب میں 300 گراؤنڈ، سپورٹس کمپلیکس اور جمنیزیم بنانے کا اعلان

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سپورٹس ایونٹس معاشرے میں امن اور ترقی کی راہ ہموار کرتے ہیں۔ ہر کمیونٹی کی سماجی ترقی اور امن کو فروغ دینے کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں کو امن کے طورپر منایا جاتا ہے۔امن اور کھیل لازم و ملزوم ہیں امن ہوگا تو کھیل ہوں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے" ترقی اور امن کے لیے کھیلوں کا عالمی دن" پر اپنے پیغام میں کہا کہ کھیلوں کے عالمی دن کو منانے کا مقصد دنیا میں امن کا فروغ ہے۔ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کھیلتا پنجاب پروگرام شروع کیا گیاہے۔پنجاب میں پنک گیمز امن اور مساوی ترقی کا استعارہ ہیں۔ حکومت کھیلوں کے فروغ کے لئے گراؤنڈ اور جمنیزیم بنا رہی ہے۔ پنجاب میں 300 گراؤنڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ ز کو مزید بڑھا ئیں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ کھیل اور امن کا عالمی دن دنیا منانے کا مقصد معاشرے میں کھیلوں کے مثبت کردار کو اجاگر کرنا ہے۔نوجوانوں، معمر افراد، معذور افراداور دیگر پسماندہ علاقوں کے ہرنوجوان کو سپورٹس کے مساوی مواقع مہیا کیے جارہے ہیں۔ کھیل نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ کھیل کے لیے تمام ممکنہ وسائل مہیا کیے جائیں گے۔