پیسے بھول جاؤ ورنہ جان سے جاؤ گے، 9 کروڑ سے زائد رقم بٹورنے والے ملزمان کی دھمکی

پیسے بھول جاؤ ورنہ جان سے جاؤ گے، 9 کروڑ سے زائد رقم بٹورنے والے ملزمان کی ...
پیسے بھول جاؤ ورنہ جان سے جاؤ گے، 9 کروڑ سے زائد رقم بٹورنے والے ملزمان کی دھمکی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن )شہری سے 9 کروڑ روپے سے زائد رقم لے کر واپسی کے تقاضے پر بھول جانے اور جان سے مارنے کی دھمکی دینے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
 نجی ٹی وی" ایکسپریس نیوز" کے مطابق شارع فیصل نرسری کے قریب 2 موٹرسائیکلوں پرسوار 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پرفائرنگ کرکے شہری کو زخمی کرنے کے واقعے کا مقدمہ ٹیپوسلطان تھانے میں درج کرلیا گیا۔مقدمے میں 3 ملزمان کونامزد کیا گیا ہے۔
اتوارکی صبح ٹیپو سلطان تھانے کے علاقے شارع فیصل نرسری کے قریب 2 موٹرسائیکلوں پرسوار 4 نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کرکے گاڑی میں سوارفرازخان نامی شہری کو زخمی کردیا تھا۔ٹیپو سلطان پولیس نے فائرنگ کے واقعے کامقدمہ زخمی شہری کی مدعیت میں درج کرلیا ہے، جس میں اقدام قتل سمیت دیگر دفعات لگائی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں 3 ملزمان کرم اللہ ، مظہراورمنصور شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ ای پی سی ایچ ایس بلاک 6 کا رہائشی اور اپنا ذاتی کاروبارکرتا ہے۔ اتوارکوبرنس روڈ پر واپس اپنے گھر آرہا تھا کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے میری گاڑی پرفائرنگ کی۔
مدعی مقدمہ نے مزید بتایاکہ کچھ عرصہ قبل ہمراہ اپنے پارٹنر طارق ودیگر اشخاص کے کرم اللہ ، مظہر اور منصور شاہ نے مجھ سے روڈ ویچنگ اور گارڈن کی صفائی کے ٹھیکوں کے لئے 9 کروڑ 87 لاکھ مختلف اوقات میں وصول کئے تھے، جس کی واپسی کے تقاضے پرمجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔ مجھے اسلام آباد بلوایا اوررقم دینے کے بجائے مجھے کہا گیا کہ رقم بھول جاؤ ورنہ جان سے جاؤ گے۔

مدعی مقدمہ کے مطابق اس کے بعد میں ان لوگوں سے موبائل فون پر رقم کا تقاضا کرتا رہالیکن یہ لوگ مجھے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے رہے۔ مدعی مقدمہ کا کہنا ہے کہ انہیں قوی شک ہے کہ مجھ پرحملہ ان تینوں نے جان سے مارنے کی نیت سے کروایا ہے۔