پی ایس ایل سیزن 2 کا ہوم گراﺅنڈ پر اختتام، انتظامیہ و سپانسرز نے کھلاڑیوں پر ڈالروں کی بارش کردی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایڈیشن جہاں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی طرف اہم قدم ہے وہیں ٹورنامنٹ فائنل کی اختتامی تقریب میں انتظامیہ اور سپانسرز کی جانب سے کھلاڑیوں پر انعامات کی بارش کردی گئی۔
اختتامی تقریب میں سب سے زیادہ انعامات پشاور زلمی کے وکٹ کیپر اوپننگ بلے باز کامران اکمل نے حاصل کیے ۔ انہیں بہترین کیپر کا 20 ہزار ڈالر، بہترین بلے باز کا 20 ہزار ڈالر اور پلیئر آف ٹورنامنٹ کا 25 ہزار ڈالر انعام دیا گیا۔
پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے مابین کھیلے گئے فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام فاتح کپتان ڈیرن سیمی کو 4500 ڈالر دیا گیا۔ ڈیرن سیمی کو مہمانان خصوصی کی جانب سے پگڑی بھی پہنائی گئی ۔ علاوہ ازیں چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی نے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کو چیمپیئن بننے پر انعامی رقم 5 لاکھ ڈالر کا چیک دیا۔
کوئٹہ گلیڈیٹرز کے کپتان سرفراز احمد کو سپرٹ آف کرکٹ 20 ہزار ڈالر جبکہ کراچی کنگز کے سہیل خان کو سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے پر 20 ہزار ڈالر کے انعام سے نوازا گیا۔ تقریب کے دوران قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو آئی سی سی کی جانب سے دیا جانے والا سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ بھی دیا گیا جو چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ان کے حوالے کیا۔