شہری کاشف کے مبینہ اغوا کیخلاف سماعت کا تحریری حکم جاری، سیکرٹری دفاع سے رپورٹ طلب
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہری کاشف حسین کے مبینہ اغوا کیخلاف سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا گیا،عدالت نے سیکرٹری دفاع سے رپورٹ طلب کرلی اور ڈی جی اے ایس ایف کو معاملے کی انکوائری کیلئے افسر تعینات کرنے کی ہدایت کردی۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاکہ انکوائری کے بعد ڈی جی اے ایس ایف رپورٹ جمع کرائیں،فوٹیج کا جائزہ لے کر بتائیں مبینہ مغوی ایئرپورٹ سے روانہ ہو ایا حراست میں لیاگیا،وزارت دفاع اور ڈی جی اے ایس ایف 10روز میں رپورٹ جمع کرائیں۔
عدالتی حکم پر ایف آئی اے نے رپورٹ عدالت میں جمع کروا دی،ایف آئی اے نےرپورٹ میں کہاکہ شہری نے عراق سے اوورسٹے کے بعد ایمرجنسی پاسپورٹ پر اسلام آباد لینڈ کیا، 30 دسمبر2024کو رات ساڑھے 12بجے کاشف حسین کی امیگریشن کی گئی،ابتدائی انکوائری کے بعد کاشف کو ایف آئی اے کاؤنٹر سے جانے کی اجازت دی گئی،کاشف حسین ایف آئی اے کی حراست میں نہیں، نہ ہی حراست درکار ہے،ایف آئی اے نے امیگریشن کرنے کے بعد جانے کی اجازت دے دی تھی،جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تحریری حکم جاری کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی سماعت 16جنوری تک ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ شہری کاشف کی اہلیہ نے بازیابی کیلئے عدالت سے رجوع کررکھا ہے۔