ملک کو اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے ،عمران خان خیبر پختونخوا کی حالت بدلیں:احسن اقبال
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن ترقی اور تعمیر کی سیاست کر رہی ہے جبکہ عمران خان جلسوں کی سیاست چمکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں تحریک انصاف کے جلسے اور عمران خان کی تقریر پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ یہ وقت تعمیر اور ترقی کاہے، احتجاج کی سیاست کا نہیں،اگر آپ ملک میں افراتفری پیدا کریں گے تو ملک میں سرمایہ کاروں کی آمد رک جائے گی۔جس صوبے نے انہیں ووٹ دئیے وہاں کے لوگوں کی حالت بدلیں،تحریک انصاف خیبر پختونخوا کی حکومت سے جان چھڑانا چاہتی ہے۔ملک کے مستقبل کا فیصلہ جلسوں سے نہیں ہوتا ،ملک کو اس وقت اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے ۔یہ وقت سیاست چمکانے کا نہیں, مسلم لیگ ن بڑا سے بڑا جلسہ کر سکتی ہے۔عمران خان ترقی سے خائف ہو کر الزامات لگا رہے ہیں اور ملک میں فساد برپا کرنا چاہتے ہیں ۔نیلم جہلم کا معاہدہ ہماری حکومت سے پہلے ہوا تھا عمران خان کا الزام بے جا ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب کی سیاست سمجھ نہیں آتی۔