حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے پہلے سے فنی خرابی کے شکار ہونے کا انکشاف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گزشتہ روز حویلیاں میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے پہلے سے فنی خرابی کے شکار ہونے کا انکشاف ہواہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق گزشتہ روز تباہ ہونے والے طیارے نے آخری پرواز اسلام آباد سے گلگت کی کی تھی جسے کیپٹن اظہر خان اڑارہے تھے ، کیپٹن اظہر خان نے طیارے میں فنی خرابی کے بارے میں پہلے ہی لاگ بک میں تحریر کر دیا تھا کہ گلگت سے اسلام آباد آتے ہوئے طیارے کی انجن کی پاور کم کرنے پر ایک انجن الٹا گھومنے لگا تھا،فنی خرابی کی نشاندہی کے باوجود بھی طیارے کو اگلی پرواز کیلئے چترال بھیج دیا گیا ۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ پرواز 661کے کیپٹن نے شام 4بج کر 9منٹ تک بلندی برقرار رکھی اور 4بج کر 13منٹ پر ایئرٹریفک کنٹرولر سے نیچے آنے کی اجازت مانگی ۔جس پر ماہرین کا کہناہے کہ اسی وقت ممکنہ طور پر پاور کم کرنے کے باعث انجن الٹا گھوما ہو گا اور اسی وقت کیپٹن جنجوعہ نے انجن میں خرابی کی اطلاع دی ہو گی۔نجی ٹی وی نے پی آئی اے ذرائع کے حوالے سے کہا کہ فوراً بعد ہی ایئر ٹریفک کنٹرولر نے مے ڈے کی آخری کال سنی اورممکنہ طورپرالٹاگھومتے انجن کے ساتھ نیچے آتاطیارہ بے قابو ہوا۔