بسوں کے انتظام کا معاملہ، نجی سکولوں سے فوری ایکشن پلان طلب ،رجسٹریشن منسوخی کا عندیہ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سیکرٹری ایجوکیشن خالد نذیر وٹو نے لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر تعلیمی اداروں میں بسوں کے انتظام کے معاملہ پر نجی سکولوں سے فوری ایکشن پلان طلب کر لیا۔ سیکرٹری ایجوکیشن نے ایکشن پلان نہ دینے والے سکولوں کی رجسٹریشن منسوخی کا عندیہ بھی دیا۔
تفصیلات کے مطابق خالد نذیر وٹو نے کہا کہ نجی سکول مالکان کے ساتھ ہونے والی محکمانہ میٹنگز کے بعد عدالتی احکامات کی روشنی میں جاری کردہ ہدایت نامہ پر عمل نہ کرنے والے سکولوں کی رجسٹریشن نہیں ہوگی۔ نجی سکولز ہر صورت ایکشن پلان جمع کروائیں اور چھٹیوں کے فوری بعد اسے نافذ العمل بھی بنائیں۔ اس ضمن میں سیکرٹری ایجوکیشن کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے سکولوں کو حتمی نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ ایل جی ایس، بیکن ہاؤس، سٹی سکول، لکاس، روٹس، کڈز اور دیگر سکولوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے طلباء کی مجموعی تعداد، بسوں کی تفصیل اور ادارے کی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے طلبہ کی لسٹ طلب کی گئی ہے۔
سیکرٹری ایجوکیشن نے کہا ہے کہ ٹرانسپورٹ معاملے پر عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ عدالتی احکامات کو پورا کرنے کیلئے کسی بھی اقدام سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ خالد نذیر وٹو نے کہا کہ تعلیمی ادارے کی سطح پر ٹرانسپورٹ کی سہولت کی فراہمی سکولز مالکان کی ذمہ داری ہے۔ نجی سکول مالکان عدالتی احکامات کو ہر صورت فالو کریں۔ محکمہ تعلیم اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کرے گا۔