شام میں کشید ہ صورتحال، سیکڑوں پاکستانی زائرین پھنس گئے
دمشق،کراچی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک آئی این پی) شام کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانی حکام نے کہا ہے دمشق میں پاکستان کا سفارتی عملہ مکمل طور پر محفوظ ہے، پاکستان انٹرنیشنل سکول کے اساتذہ اور عملہ بھی محفوظ ہے۔حکام نے شام میں رہنے والے تمام پاکستانیوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت ہے۔شام کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے ہنگامی صورتحال میں پاکستانی سفارتخانے کے نمبرز دیدیئے گئے ہیں۔باغی ملیشیا حیات التحریر الشام کے شام پر قبضے کے باعث سیکڑوں پاکستانی زائرین شام میں پھنس گئے۔ذرائع کا بتانا ہے ائیر پورٹ کی بندش کے باعث شام میں تقریباً 250 پاکستانی زائرین پھنس کر رہ گئے ہیں۔کنٹری ہیڈ شام ونگز طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے باغیوں نے ملک پر قبضے کے بعد ائیر پورٹ بند کر دیا ہے، ہماری لاہور کیلئے پرواز منسوخ ہوئی ہے۔طارق سمیع اللہ کا کہنا ہے 11 دسمبر کی کراچی کیلئے فلائٹ بھی کینسل ہے۔زائرین کا کہنا ہے شام ونگز کے تحت ائیر لائنز کا آج کا شیڈول واضح نہیں،دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ وزارت خارجہ امور نے شام کی موجودہ صورتحال پر پاکستانیوں کی سہولت کے لیے کرائسز مینجمنٹ یونٹ فعال کردیا ہے۔پاکستانی شہری اور ان کے اہلخانہ ٹیلیفون، ای میل کے ذریعے یونٹ سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فون نمبر 051-9207887 اور ای میل mailto:cmu1@mofa.gov.pk پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ دمشق میں پاکستانی سفارتخانہ اپنے شہریوں کو سہولت فراہمی کے لیے مکمل طور پر سرگرم ہے۔انہوں نے کہا کہ دمشق میں پاکستان کے سفارتخانے سے واٹس ایپ اور ای میل پر رابطہ کیا جاسکتا ہے، دمشق میں واٹس ایپ 927138990963 اور 822127987963 پر رابطہ کریں۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری دمشق میں ای میل mailto:parepdamascus@mofa.gov.pk پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ نے شام کی موجودہ صورتحال پر اپنے جاری ایک بیان میں کہا ہم شام میں بدلتی ہوئی صورتحال کا بہ غور جائزہ لے رہے ہیں اور پاکستان نے ہمیشہ شام کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حمایت کی ہے، شام کے متعلق ہمارے اصولی مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، شام میں موجود تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں، تاہم شام میں موجو د پاکستانی شہریوں کو احتیاط کرنے کا کہا گیا ہے، شام میں پاکستان کا سفارتخانہ شہریوں کی مدد کیلئے کھلا ہے، ابھی تک دمشق ایئرپورٹ بند ہے، تاہم ہمارا سفارتخانہ پاکستانی شہریوں اور زائرین کیساتھ رابطے میں ہے، دمشق ایئرپورٹ کھلنے کے بعد شہریوں کی واپسی کی جائیگی۔
پاکستانی