سپریم کورٹ نے نیشنل پارک ایریا میں بنے ریسٹورنٹس کی نظرثانی درخواستوں کا فیصلہ سنا دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے نیشنل پارک ایریا میں بنے ریسٹورنٹس کی نظرثانی درخواستوں کا فیصلہ سنا دیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق نیشنل پارک ایریا میں بنے ریسٹورنٹس بند کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ برقراررکھا گیاہے،سپریم کورٹ نے نیشنل پارک ایریا میں بنے ریسٹورنٹس کی نظرثانی درخواستیں خارج کردیں،عدالت نے نیشنل پارک میں قائم ریسٹورنٹس کے حق میں دی گئی آبزرویشنز واپس لے لیں،نیشنل پارک ایریا میں بنے ریسٹورنٹس کو کسی اور جگہ لیز کے وقت ترجیح دینے کی آبزرویشن واپس لے لی گئی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پارک ایریا میں بنے ریسٹورنٹس نے رضاکارانہ 3ماہ میں ریسٹورنٹ ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی،عدالت میں یقین دہانی کے باوجود نظرثانی دائر کرنا عدالت کے ساتھ مذاق ہے،فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ رضاکارانہ 3ماہ میں ریسٹورنٹس ختم کرنے کی یقین دہانی کے بعد نظرثانی دائر کرنا توہین آمیز ہے،سپریم کورٹ نے سی ڈی اے کو کہاان ریسٹورنٹس کو دیگر علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر لیز دی جائے، سپریم کورٹ لیز کے عمل میں ترجیح دینے کے اپنے فیصلے کو حذف کرتی ہے،سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے۔