سیکیورٹی گارڈ نے بینک آفیسر کو گولی مار کر خودکشی کر لی
میرپور خاص(مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ کے شہر میرپور خاص کے ایک نجی بینک میں سیکیورٹی گارڈ نے بینک آفیسر کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ نجی ٹی وی چینل 24نیوز کے مطابق سیکیورٹی گارڈ غلام رسول اور آفیسر صابر غوری کے مابین تنخواہ بڑھانے کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر غلام رسول نے صابر غوری پر پستول سے فائرنگ کر دی۔اسے گولیاں مارنے کے بعد غلام رسول نے اپنی کنپٹی میں گولی مار کر خود کشی کر لی۔
فائرنگ سے بینک آفیسر شدید زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینک آفیسر ایک میز کے نیچے گھس کر خود کو فائرنگ سے بچانے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے اور بینک میں ایک افراتفری مچی ہوتی ہے۔آفیسر کو چند گولیاں مارنے کے بعد گارڈ ایک طرف جاتا ہے اور خود کو بھی گولی مار لیتا ہے۔