شاہ رخ خان اپنی رہائشگاہ ’منت‘ کی تزئین و آرائش پر مشکل میں پھنس گئے

ممبئی (ویب ڈیسک) اداکار شاہ رخ خان کا ممبئی میں موجود بنگلہ 'منت' رواں موسم گرما سے تزئین و آرائش اور تعمیرات کے مراحل میں داخل ہونے والا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلے میں اس کام کو بغیر کسی رکاوٹ کے انجام دینے کے لیے اداکار اور ان کا خاندان باندرا کی اس مشہور رہائش گاہ سے فلیٹ میں منتقل ہوجائیں گے تاکہ تزئین و آرائش اور توسیع کا کام شروع ہو سکے۔
تاہم یہ منصوبہ پہلے ہی ایک رکاوٹ کا شکار ہو چکا ہے، ایک سماجی کارکن نے منت کے تزئین و آرائش کے منصوبے میں خلاف ورزیوں کا الزام لگایا ہے اور نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی) پر زور دیا ہے کہ وہ کام کو روکے۔
رپورٹ کے مطابق سماجی کارکن سنتوش داؤنڈکر نے شاہ رخ خان اور مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی پر منت میں تزئین و آرائش کے لیے درکار کوسٹل ریگولیشن زون کلیئرنس حاصل کرنے میں خلاف ورزیوں کا الزام لگاتے ہوئے این جی ٹی سے رجوع کیا ہے۔
بنگلہ گریڈ III کی تاریخی عمارت ہے جس کے اسٹرکچر میں کوئی بھی تبدیلی صرف مناسب اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی انجام دی جاسکتی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہ رخ چھ منزلہ بنگلے کو توسیع دینے اور دو مزید منزلیں شامل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
اپیل میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ رخ نے 'وسیع رہائش کے لیے 1 بیڈروم کے 12 نمبر فلیٹس' کو ایک خاندان کی رہائش گاہ میں ضم کرکے دھوکا دہی کا ارتکاب کیا ہے۔
این جی ٹی نے اعتراض کنندہ سنتوش داؤنڈکر کو اپنے الزامات کے ثبوت پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ 'اگر پروجیکٹ پرووننٹ یا ایم سی زیڈ ایم اے کی جانب سے مذکورہ طریقہ کار کی کوئی خلاف ورزی کی گئی ہے، تو اپیل کنندہ کی جانب سے چار ہفتوں کے اندر اسے ثبوت کے ساتھ پیش کیا جاسکتا ہے، جس میں ناکام ہونے کی صورت میں ہمارے پاس اس ٹربیونل کے حکم کی عدم تعمیل کے لیے موجودہ اپیل کو خارج کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچے گا'۔
این جی ٹی اس معاملے کی اگلی سماعت 23 اپریل کو کرے گی۔
شاہ رخ خان کا گھر جدید طرز تعمیر کا شاہ کار ہے، 27000 اسکوائر فٹ پر پھیلے اس گھر میں پانچ بیڈ رومز، ایک فٹنس سینٹر، ایک خوبصورت سوئمنگ پول، لائبریری اور پرائیوٹ مووی تھیٹر بھی ہے۔
شاہ رخ خان نے 2001 میں یہ گھر 13 کروڑ روپے کی لاگت سے خریدا جبکہ آج اس کی قیمت 200 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہے۔
سمندر کے قریب قائم یہ پارسی طرزِ تعمیر کا بنگلہ ہر روز سیکڑوں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتا ہے، جو پورے ملک سے اپنے پسندیدہ ستارے کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے یہاں پہنچتے ہیں۔
خود شاہ رخ خان بھی اپنی سالگرہ اور اہم مواقع پر گھر کے باہر جمع پرستاروں کو بالکنی سے اپنا جلوہ دکھاتے ہیں تاہم وہ اور ان کے اہلِخانہ جلد ہی اپنے اس پسندیدہ گھر کو چھوڑ کر جانے والے ہیں۔