تعلیمی اداروں میں نئے طلبہ کو ہر میدان میں رہنمائی اور مدد فراہم کریں گے،زبیر حفیظ
لاہور( خبرنگار) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہاہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک بھر میں کالجز اور جامعات میں نئے داخلہ لینے والے طلبہ و طالبات کے لئے رہنمائے داخلہ اسٹالز لگا دئیے ہیں۔ داخلہ اسٹالز میں تعلیمی اداروں میں نئے آنے والے طلبہ و طالبات کی رہنمائی اور معاونت کی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں رہنمائے داخلہ مہم کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں نئے طلبہ و طالبات کو ہر میدان میں رہنمائی اور مدد فراہم کریں گے۔ جامعہ پنجاب لاہور، اسلامی یونیورسٹی ا سلام آباد،پشاور، جامعہ کشمیر ، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، جامشورو یونیورسٹی اور دیگر بڑی جامعات میں بڑے پیمانے پر جمعیت کے اسٹالز سے طلبہ و طالبات کو رہنمائی فراہم کی گئی۔
انہوں نے کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ طلبہ و طالبات کی رہنمائی میں بھرپورصلاحیتیں صرف کریں اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ طلبہ و طالبات قوم کا سرمایہ ہیں اس سرمایے کو قوم و ملک کی تعمیر میں استعمال کرنے کے لئے اقدامات کریں۔#