پاکستان میں سیاست کی بجائے نسوار بیچنا چاہیے : نواب اسلم رئیسانی
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیاست کرنا انتہائی مشکل کام ہے اور یہاں سیاست کی بجائے نسوار بیچنا چاہئے اور نسوار کے کاروبار کے لئے کاکا نسوار متعارف کرائی جائے۔
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی اپنے مزاحیہ کردار اور سیاسی لطیفوں کی وجہ سے میڈیا میں جگہ بنانے کے انتہائی ماہر ہیں، ملکی سیاست پر ان کے دلچسپ تبصرے ان کے دور اقتدار میں بہت مشہور ہوئے مگر اب ایک طویل عرصے کے بعد سابق وزیر اعلیٰ ایک بار پھر منظر عام پر آگئے ہیں اور انہوں نے بلوچستان کی سیاست پرانتہائی دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔ نواب اسلم رئیسانی سے جب صحافی نے سوال پوچھا کہ بلوچستان کی موجود سیاست پر آپ کیا کہنا چاہتے ہیں ؟ اس کے جواب میں سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سیاسی دھماکہ نہیں بلکہ پٹاخے چل رہے ہیں، ان پٹاخوں سے تبدیلی نہیں آئے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاست کی بجائے نسوار بیچنا زیادہ بہتر ہے اور اس کاروبار کے لئے فوری طور پر کاکا نسوار برانڈ متعارف کرانا چاہئے۔