حجاج کی خدمت اور دیکھ بھال کرنا ایک عبادت ہے : خالد مجید
جدہ ( محمد اکرم اسد ) قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا ہے کہ حجاج کی خدمت اور دیکھ بھال کرنا ایک عبادت ہے کیونکہ یہ اللہ کے مہمان “ضیوف الرحمان” ہوتے ہیں اور اس کا اجر اللہ جل و جلال ہی دیتا ہے اور ساتھ ہی یہ انسانیت کی بھی خدمت ہے، وہ یہاں پاکستان حج والنٹیئرز گروپ سعودی عرب کے زیر اہتمام حجاز ریجن کے رضاکاروں کیلئے تقسیم اسناد کی منعقدہ ایک بڑی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں بڑی تعداد میں حج رضاکاروں اور کمیونٹی آکابرین نے شرکت کی۔
انہوں خطاب کرتے ہوئے گروپ کے رضاکاروں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پی ایچ وی جی کے رضاکار بلا معاوضہ آللہ کے مہمانوں کی خدمت اور رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیتے ہیں جو قابل تعریف ہے ،انہوں نے گروپ کے رضاکاروں کو قونصلیٹ آفس کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔
تقریب سے ڈائریکٹر جنرل حج عبدالوہاب سومرو نے پاکستانی حجاج کی بہتر انداز میں رہنمائی اور خدمت کے فریضہ کو سرانجام دینے کیلئے باہمی تعاون کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہا کہ گروپ کی رضاکار بہترین انداز میں حجاج کی خدمت کا فریضہ انجام دیتے ہیں، مستقبل میں پاکستان حج مشن اور پی ایچ وی جی کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ اللہ کے مہمانوں کی بہتر سے بہتر انداز میں خدمت کی جاسکے اور ان کی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ تقریب میں سعودی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے جنرل مینجر برائے سماجی خدمات و رضاکاران عبداللہ الحربی نے خصوصی شرکت کی اور رضاکاروں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔
تقریب کے اختتام پر گروپ کے مرکزی کوارڈینیٹر اشرف علی خان نے سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے نمائندے عبداللہ الحربی کی شرکت اور گروپ کے ساتھ بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا انہوں نے پاکستان ایمبیسی ریاض ، قونصلیٹ جنرل جدہ ، پاکستان حج مشن ، پاکستان کمیونیٹی سکولز اور کمیونیٹی ممبران کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ رضاکار اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے ساتھ ساتھ پاکستان کی نیک نامی کا بھی باعث بنتے ہیں۔ اس سے قبل حجاز ریجن کے کوآرڈینیٹر وقار عظیم نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا، تقریب میں ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید ، ڈائریکٹر حج فہیم خان آفریدی، پی ایچ وی جی ریاض و دمام کے ذمہ داران ، صحافی ، کمیونٹی ممبران سمیت بڑی تعداد میں رضاکاروں نے شرکت کی ۔
تقریب میں سینکڑوں رضاکاروں میں قونصل جنرل خالد مجید، ڈپٹی قونصل جنرل عدنان جاوید، سعودی وزارت حج کے عبداللہ الحربی، پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے پرنسپل عتیق الرحمان، حج گروپ ک محمد نواز نے تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں تقریب کی میزبانی کے فرائض عبدالمالک اور کامران خان نے سرانجام دیئے۔