تلخ اور پریشان کن زندگی کے بجائے تنہا رہیں یا نئی شادی کے تجربے سے گزریں،خود بھی پریشان ہیں اور شریک حیات کو بھی پریشانی میں مبتلا کرتے ہیں 

 تلخ اور پریشان کن زندگی کے بجائے تنہا رہیں یا نئی شادی کے تجربے سے گزریں،خود ...
 تلخ اور پریشان کن زندگی کے بجائے تنہا رہیں یا نئی شادی کے تجربے سے گزریں،خود بھی پریشان ہیں اور شریک حیات کو بھی پریشانی میں مبتلا کرتے ہیں 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر 
ترجمہ:ریاض محمود انجم
 قسط:107
آپ زندگی بھر ایک ہی محلے، شہر یا ملک میں صرف اس لیے رہتے ہیں کہ آپ کے والدین نے اپنی رہائش کے لیے ایک محلے، شہر یا ملک کا انتخاب کیاہوتا ہے۔ نئے موسم، افراد، سیاست، زبان، تہذیب، جگہ کے باعث مشکلات پیش آنے کے خدشے کے پیش نظر آپ اپنے تنگ نظر روئیے پر قائم رہتے ہیں اور نئے تجربات کا خطرہ مول نہیں لیتے۔
آپ کسی دوسرے کے نظریات سے اتفاق کرنے سے تو رہے، آپ ان نظریات کو سننے سے بھی انکار کر دیتے ہیں۔ آپ دوسروں کے نظریات اور خیالات کے متعلق کہتے ہیں: ”میں نے تو اس طرح کبھی سوچا نہ تھا۔“ آپ دوسروں کو پاگل اور وہمی سمجھتے ہیں۔ یہ ایک ایسا طریقہ ہے جس کے ذریے آپ نہایت آسانی سے دوسروں کے خیالات اپنانے اور انہیں سننے سے انکار کر دیتے ہیں۔
آپ سمجھتے ہیں کہ ملازمت یا سکول میں آپ کی بہترین کامیابی نہایت ضروری ہے۔ کسی بھی دوسری چیز کی نسبت کامیابی کا معیار آپ کی نظر میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ کام کرنے میں دلچسپی لینے اور اس سے لطف اٹھانے کی نسبت کام کو بحسن و خوبی انجام دینے کو ترجیح دی جاتی ہے۔ کسی بھی نئے اور مختلف کام اور سرگرمی کو اپنانے کی نسبت پہلے والے کام میں انعامات کے حصول پر زیادہ توجہ مرکو زکی جاتی ہے۔ آپ اپنے ہر کام میں آسانی ڈھونڈتے ہیں، آسان کام تلاش کرتے ہیں۔ ایک نئے اور مختلف کام میں ناکام ہونے کی نسبت آپ پرانے کام میں کامیابی حاصل کرنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ آپ وہ طمانیت اختیار کرنا پسند کرتے ہیں جس کے متعلق آپ کو معلوم ہو کہ آپ یہاں آسانی کے ساتھ کام کر سکتے ہیں، اور وہ ملازمت اختیار نہیں کرتے جہاں ایک نیا اور مختلف کام آپ کا منتظر ہو اور اس اس میں ناکامی کا خدشہ بھی موجودہو۔
آپ بظاہر کمترین لوگوں کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں کرتے۔ چپڑاسی، چوکیدار، پہریدار، باورچی اور اس قسم کے دیگر افراد کے ساتھ آپ مل جل کر نہیں بیٹھ سکتے کیونکہ آپ کو اپنی توہین کا احساس ہوتا ہے۔
آپ اپنی موجودہ ملازمت کو ناپسند کرنے کے باوجود اسے جاری رکھتے ہیں۔ کوئی ایسی ملازمت تلاش نہیں کرتے جس میں آپ کے لیے دلچسپی کا سامان موجود اور وہ آپ کے لیے لطف اندوزی کا باعث بھی ہو کیونکہ آپ مشکل، پیچیدہ اور نامعلوم و اجنبی سرگرمی اورمصروفیت اختیار کرنے سے اس لیے خوف زدہ ہیں کہ کہیں آپ ناکامی سے دوچار نہ ہو جائیں۔
آپ تمام عمر ایک تلخ اورپریشان کن شادی شدہ زندگی گزارتے رہتے ہیں کیونکہ آپ شادی کے نئے تجربے سے خوف زدہ ہیں۔ آپ کو چاہیے کہ ایک تلخ اور پریشان کن زندگی گزارنے کے بجائے یا تو آپ تنہا زندگی گزاریں اور یا پھر ایک نئی شادی کے تجربے سے گزریں لیکن ایک موجودہ تلخ اور پریشان کن شادی شدہ زندگی جاری رکھتے ہوئے خود بھی پریشان ہوتے ہیں اور اپنے شریک حیات کو بھی پریشانی میں مبتلا کرتے ہیں لیکن پھر بھی نئے اورمختلف تجربات کرنے کے قریب نہیں پھٹکتے۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -