کیا شدید سردی کے باعث تعلیمی ادارے پھر بند ہورہے ہیں؟حقیقت سامنے آگئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے تعلیمی اداروں کی تعطیلات میں اضافے سے متعلق خبروں پر وضاحت سامنے آگئی۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق محکمہ تعلیم نے سوشل میڈیا پر موسم سرما کی تعطیلات میں اضافے کے حوالے سے چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھٹیوں میں کوئی مزید توسیع نہیں کی گئی ہے۔
محکمہ تعلیم نے اعلان کیا ہے کہ سردیوں کی چھٹیوں کے خاتمےکے بعد پیر سے تعلیمی ادارے کھلیں گے۔ محکمہ تعلیم نے مزید کہا کہ والدین اور طلبہ کو ان افواہوں سے بچنے کی ہدایت کی گئی ہے جو تعطیلات میں اضافے کے حوالے سے گئیں۔
دوسری جانب سیکرٹری سکولز ااینڈ ایجوکیشن خالد نزیر وٹو نے بھی کہا کہ سکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں میں بالکل اضافہ نہیں ہو رہا ہے۔
یاد رہے محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب کے تمام اسکولوں میں تعطیلات 20 کے بجائے 23 دسمبر سے ہوں گی تاہم بعد ازاں محکمہ تعلیم پنجاب نوٹیفکیشن جاری کیا تھا کہ موسم سرما کی تعطیلات 23 دسمبر سے 10 جنوری تک ہوں گی۔