امیتابھ کے ریکھا سے رومانوی تعلق کی خبروں کے باوجود جیا بچن نے اپنی شادی کو کیسے بچایا؟
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن )بالی وڈ میں امیتابھ بچن، جیا بچن اور ریکھا یہ تین نام ایسے ہیں جن کو لے کے اگر لَو ٹرائی اینگل کی بات کی جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ ماضی میں امیتابھ کا ریکھا سے رومانوی تعلق زبان زدِ عام تھا۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے بھارتی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے بتایا کہ امیتابھ اور جیا کی شادی ریکھا کے ساتھ تعلقات کی افواہوں کی وجہ سے تنازعات میں گھری ہوئی تھی، اسی سلسلے میں 2008 میں جیا نے بھارتی میگزین کو دیے انٹرویو میں گہرے سوالات کے جواب دیے تھے۔
نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق جیا بچن سے 2008 میں امیتابھ کی دیگر اداکارہ سے محبت کی افواہوں پر ردعمل ظاہر کرنے کو کہا گیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے کس طرح اپنی شادی کو مضبوط رکھا، خاص طور پر امیتابھ جیسے ہر دلعزیز شخص کے ساتھ تو انہوں نے کہا 'صرف انہیں (امیتابھ) اکیلا چھوڑ کر یعنی میں نے انہیں شک کی نگاہ سے کبھی نہیں دیکھا، آپ کو یقین ہونا چاہئے۔ میں نے ایک اچھے آدمی اور ایک ایسے خاندان میں شادی کی جو اپنے وعدوں اور بول پر یقین رکھتے ہیں'۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ جس قسم کا ہمارا پیشہ ہے، ایسے میں آپ کسی پر حد سے زیادہ حق نہیں جما سکتے کیونکہ ہم فنکار ہیں، ہمیں سکرین پر لوگ دیکھتے ہیں، ہماری فرضی جوڑیوں کے ساتھ کیمسٹری پسند کی جاتی ہے، ایسے میں شک کرنا خود کو تکلیف دینا ہے'۔
جیا بچن نے کہا کہ 'ہم انسان ہیں اور یقیناً ردعمل دیتے ہیں، اگر آپ منفی ردعمل ظاہر کرتے ہیں تو آپ مثبت پر بھی ردعمل ظاہر کرتے ہیں'۔
تاہم امیتابھ بچن اور ریکھا کی محبت کی افواہوں میں کوئی صداقت ہے یا نہیں، اس پر ردعمل ظاہر کرتے
ہوئے جیا بچن نے کہاکہ ’اگر ایسا کچھ ہوتا تو وہ (امیتابھ) میرے ساتھ ہونے کے بجائے کہیں اور ہوتے، لوگوں نے انہیں سکرین پر ایک جوڑے کے طور پر پسند کیا اور یہ ٹھیک ہے، میڈیا نے امیتابھ کو ان کی ہر ہیروئن سے جوڑنے کی کوشش کی، اگر میں اس سب کو سنجیدگی سے لیتی تو میری زندگی جہنم بن جاتی'۔