کرم میں امن معاہدے کے تحت بنکرز تباہ کرنے کا پہلا مرحلہ آج سے شروع
پاراچنار (ڈیلی پاکستان آن لائن )ضلع کرم میں قیام امن کیلئے ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد شروع ہوگیا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق کرم میں امن معاہدے کے تحت بنکرز تباہ کرنے کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہوگا، اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے اپر اور لوئر کرم کے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایکسیئن کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا کہ بنکرز کے خاتمے کیلئے ضروری مشینری کا بندوست کیا جائے، بنکرز خاتمے کے وقت ایکسیئن کی موجودگی ضروری ہے۔
کوہاٹ معاہدے کے تحت بنکرز کو مسمار کرنے کیلئے ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے، ڈپٹی کمشنر ضلع کرم نے اپر اور لوئر کرم کے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دیئے ہیں، خط میں کہا کہ بنکرز بالش خیل اور کر کلی میں تباہ کئے جائیں گے۔
علاوہ ازیں کرم میں کشیدگی کے باعث ٹل سے پاراچنار تک شاہراہ تاحال بند ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات بڑھتی جا رہی ہیں، سامان سے لدا گاڑیوں پر مشتمل قافلہ ٹل سے پاراچنار کی جانب روانہ ہونے کے انتظار میں ہے۔
لوئر کرم کے علاقے مندوری میں جاری دھرنے کی وجہ سے راستے بند ہیں۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ مطالبات منظور کئے جانے تک راستہ نہیں کھولا جائے گا، راستے بند ہونے کی وجہ سے روز مرہ استعمال کی اشیاءنہ ملنے کے باعث شہریوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔