"سٹیو جابز نے آئی فون ایجاد کیا، ایپل 20 سال سے صرف بیٹھا ہوا ہے" مارک زکربرگ کی کڑی تنقید

"سٹیو جابز نے آئی فون ایجاد کیا، ایپل 20 سال سے صرف بیٹھا ہوا ہے" مارک زکربرگ کی ...
سورس: Facebook

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سان فرانسسکو (ڈیلی پاکستان آن لائن) میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے  ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی ایپل پر شدید تنقید کی، جس میں انہوں نے کمپنی پر اختراعات کی کمی اور ڈویلپرز پر غیر ضروری پابندیاں لگانے کا الزام لگایا۔ پوڈکاسٹ 'جو روگن ایکسپیرینس' پر گفتگو کرتے ہوئے زکربرگ نے آئی فون کی تعریف کی کہ اس نے عالمی رابطوں میں انقلاب برپا کیا لیکن ساتھ ہی ایپل پر گزشتہ کئی برسوں میں نئی اور شاندار مصنوعات متعارف نہ کرانے کا الزام بھی لگایا۔

مارک زکربرگ نے کہا "ایک طرف آئی فون بہت زبردست رہا ہے کیونکہ اب دنیا کے تقریباً ہر شخص کے پاس فون ہے، اور اس کی وجہ سے کئی شاندار چیزیں ممکن ہوئیں۔ لیکن دوسری طرف انہوں نے اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے بہت سے ایسے اصول بنائے ہیں جو مجھے غیر ضروری لگتے ہیں اور میں محسوس کرتا ہوں کہ انہوں نے کافی عرصے سے کچھ بڑا ایجاد نہیں کیا۔ ایسا لگتا ہے کہ سٹیو جابز نے آئی فون بنایا، اور اب وہ 20 سال سے صرف اس پر بیٹھے ہوئے ہیں۔"

انہوں نے مزید کہا کہ آئی فون کی فروخت میں کمی کی وجہ نئے ماڈلز میں بڑے اپ گریڈز کی کمی ہے۔ زکربرگ نے ایپل پر الزام عائد کیا کہ وہ ڈویلپرز پر 30 فیصد کمیشن وصول کر کے اور صارفین کو ایئر پوڈز جیسے اضافی آلات خریدنے پر مجبور کر کے منافع کما رہا ہے۔ زکربرگ نے دعویٰ کیا کہ اگر ایپل اپنے "غیر ضروری قوانین" کو ختم کر دے تو میٹا کے منافع میں دوگنا اضافہ ہو سکتا ہے۔انہوں نے ایپل کی پرائیویسی اور سیکیورٹی کی پالیسیوں پر بھی تنقید کی۔ 

مارک زکربرگ نے ایپل کے مکسڈ رئیلٹی ہیڈسیٹ "ویژن پرو" کے بارے میں بھی تبصرہ کیا، جس کی فروخت مایوس کن رہی۔ "میرے خیال میں ویژن پرو ایک بڑا قدم تھا جو انہوں نے کافی عرصے بعد اٹھایا، لیکن اس کا پہلا ورژن یقیناً کوئی بڑا کارنامہ نہیں رہا۔"