تنویر الیاس کے بعد شہبا ز شریف کے نا اہل ہونے کی باری ہے: پرویز الٰہی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کاکہنا ہے کہ سردار تنویر الیاس کے بعد اب شہباز شریف کے نااہل ہونے کی باری ہے۔ پرویزالہٰی سے سابق صوبائی وزراء چودھری ظہیر الدین، سردار وقاص، چودھری شبیر گجر، چودھری نوید گوندل، چودھری مختار گوندل اور آصف عرفان نے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف توہین عدالت کے ساتھ ساتھ حکم عدولی بھی کر چکے ہیں، حکومت کے خلاف الیکشن کمیشن کی رپورٹ ارتکاب جرم کا دستاویزی ثبوت ہے، نگران وزیراعلیٰ مطلوبہ الیکشن سکیورٹی فراہم نہ کر نے پر جیل بھی جا سکتے ہیں، توہین عدالت کے مجرم کسی معافی کے مستحق نہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اسحاق ڈار پاکستان کو ڈیفالٹ کرانے کے مشن پر آئے ہیں، نوازشریف نے اسحاق ڈار کو اپنا ملک دشمن ایجنڈا دے کر پاکستان بھیجا ہوا ہے، غریب آٹے کیلئے اور مریض دوائیوں کیلئے مر رہے ہیں، مارکیٹ سے جان بچانے والی دوائیاں تیزی سے ختم ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دواساز کمپنیاں اسحاق ڈار کی معاشی پالیسیوں سے تنگ آ کر کاروبار بند کر رہی ہیں، عالمی ادارے پاکستان میں جان بچانے والی دوائیوں کی کمی پر مسلسل تشویش کا اظہار کر رہے ہیں،موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت سنبھلنے کا کوئی امکان نہیں۔
پرویز الہٰی