سمندر پار مقیم پاکستانیوں پر رقوم کی ترسیل پر ٹیکس کی افواہیں بے بنیاد ہیں: بیرسٹر امجد ملک
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین اوور سیز کمیونٹی پنجاب 2 روزہ دورہ پر گذشتہ روز کویت پہنچے انہوں نے مقامی ہوٹل میں پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات سے ملاقاتیں کیں اور خطاب کیا۔اپنے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں وہ سالانہ 25 ارب ڈالرز سے زائد رقوم پاکستان بھیج رہے ہیں۔حکومت ان کیلئے فکر مند ہے۔ انہوں نے کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ ملکی معیشت بہتر بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ رقوم قانونی طریقے سے بھیجیں۔ بہتر ہو گا کہ روشن پاکستان اکاؤنٹ کے ذریعے رقوم کی ترسیل کریں۔ انہوں نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا کہ 1000 ڈالرز سے زائد رقوم بھیجنے پر حکومت ٹیکس وصول کرے گی۔
انہوں نے بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے کہا کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں کوئی بھی خبر ملے تو اس کی تصدیق کر لیا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن ( او پی ایف ) کے نئے چیئرمین آگئے ہیں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے خصوصی عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں جو زیادہ سے زیادہ 90 روز میں مقدمات نمٹائیں گی۔ پاکستانی تارکین وطن اپنے اضلاع میں ہی شکایات درج کر ا سکیں گے، بیرون ممالک میں وفات پا جانے والے پاکستانیوں کی میتوں کی ترسیل کیلئے پی آئی اے خدمات سر انجام دے رہی ہے او پی ایف میت کو ایئرپورٹ سے گھر تک پہنچانے کی پابند ہے۔ان کے علم میں آیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کو مقامی قوانین کے باعث تقریبات کے انعقاد میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ ایسا قانون بنائیں گے کہ کمیونٹی کی تقریبات سفارت خانہ میں منعقد کر سکیں۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کریں گے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے مفاہمت کی یادداشت ( ایم او یو ) پر جلد دستخط کیے جائیں ۔ وزیراعظم سے یہ بھی درخواست کریں گے کہ کویت سے 50 پاکستانیوں کو تجارت کے فروغ کیلئے پاکستان لے جانے کیلئے بھی جلد اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نےپاکستان کے تاریخی شہر قصور میں بلھے شاہ یونیورسٹی کے قیام کی جو تجویز سامنے آئی ہے وہ اس پر وزیر اعلیٰ پنجاب سے جلد بات کریں گے ۔ مسلم سنٹر (ن) کویت کے صدر میاں محمد ارشد اور سنیئر عہدیداران نے مقامی رہنماؤں کے ہمراہ بیرسٹر امجد ملک کا استقبال کیا۔ سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کویت کے افسران نے بھی اس تقریب میں خصوصی شرکت کی۔