اقوام متحدہ نے کورونا وبا ء کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کااعتراف کر لیا 

اقوام متحدہ نے کورونا وبا ء کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کااعتراف کر لیا 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ کووڈ19وبا کی روک تھام کثیر الفریقی عمل کی سطح پر ابھی تک ناکام ثابت ہوئی ہے، خواہ معاملہ ویکسی نیشن سے متعلق ہو یا پھر بات اقتصادی امدادکا ہو۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ میں پیر کے روز ترقیاتی فنڈنگ فورم کے سامنے اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وباء کا سامنا کرتے ہوئے عالمی رد عمل اور اقتصادی بحالی کی سپورٹ کا امتحان ہے۔ اس امتحان میں ہم ابھی تک ناکام رہے ہیں۔گوٹیرس کے مطابق ویکسی نیشن محض ایک مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 75 فیصدکے قریب خوراکیں صرف دس ممالک میں دی گئیں۔ کئی ممالک میں تو ابھی تک صحت کے شعبے سے متعلق افراد اور عمر رسیدہ شہریوں کو ویکسی نیشن دینے کا عمل شروع ہی نہیں ہوا۔ ویکسی نیشن میں عالمی سطح پر قلت تمام لوگوں کی صحت کے لیے خطرہ ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے زور دیا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر جگہ تمام لوگوں کیلئے منصفانہ طور پر ویکسین پہنچنے کو یقینی بنایا جائے۔گوٹیرس نے مزید کہا کہ بعض ممالک نے اربوں ڈالر کے امدادی پروگراموں پر انحصار کیا جب کہ اسی دوران میں کئی ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کے بوجھ کا سامنا ہے جن پر غالب آنا ناممکن ہے۔ یہ امر پائیدار ترقی کے اہداف کو پہنچ سے دور بنا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ دسمبر 2019 سے اب تک کورونا کی وبا نے دنیا بھر میں 30 لاکھ سے زیادہ افراد کو موت کی نیند سلا دیا۔ 
اقوام متحدہ 

مزید :

صفحہ اول -