سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ کی ترقی اور استحکام کی راہ کی بڑی رکاوٹ کی نشاندہی کردی

لاہور (آئی این پی )پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ داخلی تنازعات پاکستان کرکٹ کی ترقی اور استحکام میں رکاوٹ ہیں، جیسن گلیسپی ایک شاندار کوچ اور ایک شاندار انسان ہیں، پاکستان کرکٹ صرف خود کو نقصان پہنچا رہی ہے، ان کے پاس بہت اچھے کھلاڑی ہیں اور اب ان کے پاس وسائل بھی ہیں اور بہت زیادہ نوجوان ٹیلنٹ بھی موجود ہے لیکن اس کے باوجود جو صورتحال ہے وہ واقعی مایوس کن ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے معاملات پر بول پڑے۔ ایک انٹرویو میں مکی آرتھر نے کہا جب پی سی بی نے گلیسپی اور کرسٹن کو سائن کیا تو میرا خیال تھا کہ وہ بالکل درست راستے پر گامزن ہیں۔ 56 سالہ مکی آرتھر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ داخلی تنازعات پاکستان کرکٹ کی ترقی اور استحکام میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، ان کے پاس اچھے کوچز تھے جو انہیں آگے لے جا سکتے تھے لیکن پھر وہی مشینری جو پاکستان کرکٹ میں کام کرتی ہے وہ حرکت میں آگئی۔
مکی آرتھر کی جانب سے پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے معاملات پر بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے موجودہ ہیڈکوچ عاقب جاوید پر سنگین الزامات عائدکیے تھے۔ جیسن گلیسپی نے کہا تھا کہ عاقب جاوید واضح طور پر گیری کرسٹن اور میری ساکھ کو نقصان پہنچا رہے تھے۔