گوجرہ،ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو مال و زر سے محروم کر دیا
گوجرہ) نمائندہ خصوصی) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہریوں کو مال و زر سے محروم کر دیا۔ معلوم ہوا ہے کہ چک نمبر 160 گ ب کا پولیس کانسٹیبل ظفر علی تھانہ ترکھانی سمندری میں تعینات ہے جو اپنی موٹر سائیکل پرعید گزارنے اپنے گاؤ ں جارہا تھا چک نمبر 154 گ ب ڈھوٹیاں کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے اسکو گن پوائنٹ پر روک لیا اور اسکے قبضہ سے موٹر سائیکل، ہزاروں روپے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے دوسری واردات میں چک نمبر 277 ج ب کا شہزاد موٹر سائیکل پر اڈا چراغ آباد سے اپنے گاؤں جارہا تھا کہ چک نمبر 336 ج ب کے قریب دو موٹر سا ئیکل سوار ڈاکوؤں نے اسے روک کر ہزاروں روپے نقدی ودیگر سامان لوٹ لیا۔
چک نمبر 355 ج ب کے محمد رفیق نے غلہ منڈی گوجرہ میں کھاد ایجنسی بنارکھی ہے جو ایجنسی بند کرکے عید گزارنے کیلئے گاؤں چلا گیا عید کی چھٹیاں گزار کو واپس آ یا تو دکان کے تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے چار کار سوار ملزمان بائیس لاکھ روپے نقدی چوری کرکے فرار ہو گئے واضح رہے کہ مذکورہ کار سوار چوروں نے اسی دن زاہد رؤف کمبوہ کی سگریٹ ایجنسی کے تالے توڑ کر وہاں سے بھی پندرہ لاکھ سے زائد رقم اور لاکھوں روپے کے سگریٹ چوری کئے ہیں۔ چوروں نے مدنی ٹاؤن گوجرہ کے حیدر علی کے گھر کے باہر سے اس کی موٹر سائیکل نمبری TSL2784 چوری کرلی واردات کی اطلاع پولیس پر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔