قومی اسمبلی کے اجلاس کا ایجنڈا جاری
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی اسمبلی کے اجلاس کا 10 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا اور سیکرٹریٹ نے اجلاس کا 10نکاتی ایجنڈاجاری کردیا ہے جس کے مطابق وقفۂ سوالات کے دوران ارکان کے مختلف سوالات کے جوابات دیئے جائیں گے۔
اجلاس کے ایجنڈے میں ملک میں لازمی اور ثانوی روٹس پر نجی ایئر لائنز کی پروازیں شروع نہ کرنے پر توجہ دلاؤ نوٹس بھی شامل ہیں جبکہ وزیرداخلہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے احکام وضع کرنے کا بل پیش کریں گے۔وزیرمملکت آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان بل 2024 ایوان میں پیش کریں گی اور وزیرداخلہ سینیٹ سے منظور شدہ نیشنل فارنزک ایجنسی بل 2024 بھی پیش کریں گے۔وزیر قانون پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے صدر مملکت کے خطاب پر بحث کی تحریک پیش کریں گے۔اجلاس میں ارکان نکتہ اعتراضات پر اہم نوعیت کے امور پر بات کریں گے۔