اقراء یونیورسٹی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کررہی ہے،مراد علی شاہ

اقراء یونیورسٹی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کررہی ہے،مراد علی شاہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر )اقراء یونیورسٹی عالمی معیار کی تعلیم فراہم کررہی ہے ، ہاورڈ بزنس اسکول کا سرٹیفکیٹ کورس اقراء یونیورسٹی کے لیے اعزاز ہے ۔شعبہ تعلیم کا سب سے بڑا مسئلہ ایلیمنٹری تعلیم ہے۔ ان خیالات کا اظہاروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اقراء یونیورسٹی میں ہاورڈ بزنس اسکول کے ساتھ تعلیمی اشتراک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی سعید غنی، اقراء یونیور سٹی کے چانسلر حنید لاکھانی، اقراء یونیورسٹی وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی، ہاورڈ کلب آف پاکستان کے صدر عزیز نشتر بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ اقراء یونیورسٹی اپنے طلبہ کو عالمی معیار کی تعلیم کے ساتھ ایچ بی ایکس ڈگری دے گا۔ یہ ڈگری اقراء یونیورسٹی کے لیے بڑے اعزازکی بات ہے انہوں نے مزیدکہا کہ اقراء یونیورسٹی کو مبارک باد پیش کرتاہوں۔ اقراء یونیورسٹی نے اپنے آغاز سے ہی معیاری تعلیم فراہم کی ہے۔ اقراء یونیورسٹی کاسندھ میں تعلیم کے میدان اہم کردار ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ صوبہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم دی جائے۔ معیار تعلیم کا فائدہ فرد ، خاندان اور ملک کو ہوتا ہے۔ ہارورڈ بزنس اسکول سے اقراء یونیورسٹی کا معاہدہ نہایت اہم ہے۔ شعبہ تعلیم کا سب سے بڑا مسئلہ ایلیمنٹری تعلیم ہے ۔ ہم معیار تعلیم میں اضافہ کے لیے پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ متعارف کروائی۔ بجٹ کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ کیا جاتا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ہم نے تعلیمی ایمرجنسی لگائی ہے جس سے تعلیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر کرنا ہے ۔نجی شعبہ کی شراکت سے سندھ میں معیارِ تعلیم بہترہوا ہے۔ اگر ہم اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کردیں تو ملک کا مستقبل محفوظ ہوگا۔ پاکستان کو درپیش چیلجز کا حل تعلیم میں ہے۔ قبل ازیں ریئس کلیہ تجارت شہریار ملک کا کہنا تھاکہ جامعہ اقراء کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ اقراء یونیورسٹی پاکستان کی پہلی یونیورسٹی ہے جس کے ساتھ ہاورڈ بزنس اسکول کے سرٹیفکیٹ کورس کے لیے معاہدہ ہوا ہے۔ یہ ایک آن لائن سرٹیفکیٹ کورس ہے جس سے اقراء یونیورسٹی کے شعبہ تجارت سے تعلق رکھنے والے طلبہ جدید تعلیم سے مستفید ہونگے۔