نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کالازمی جزوہے،نظریہ پاکستان ٹرسٹ میں تقریب
لاہور(اپنے خبر نگارسے)نبی کریمؐ سے محبت ہمارے ایمان کالازمی جزوہے۔نبی کریمؐ نے خواتین کے ساتھ خاص طور پر اچھا برتاؤ کرنے کا حکم دیااورعورت کوذلت کی پستیوں سے نکال کر عزت ورفعت کا مقام عطافرمایا ۔دنیا وآخرت میں کامیابی وکامرانی حاصل کرنے کیلئے نبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کے سوا اور کوئی راستہ نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری تقریبات جشن عید میلادالنبی ؐکے سلسلے میں منعقدہ محفل میلاد النبیؐ برائے خواتین کے دوران کیا۔اس روحانی محفل کاانعقاد نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرزٹرسٹ کے اشتراک سے کیاتھا۔اس موقع پرسیکرٹری شعبۂ خواتین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ بیگم صفیہ اسحاق، مادرملت ؒ سنٹر کی کنوینر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، ممتاز کالم نگار طیبہ ضیاء چیمہ، بیگم صباحت رمضان سیالوی،بیگم شاہد رشید، بیگم خالدہ جمیل ، ممبران صوبائی اسمبلی فرزانہ بٹ،رخسانہ کوکب اورنبیرہ عندلیب نعیمی،بیگم حامد رانا، بیگم فوزیہ چیمہ،نائلہ عمر، ڈاکٹر حنا، اقراء اسماعیل، ارم شفیق، سعدیہ محمود، مقدس شفیق، رضیہ اختر، زرقا جاوید، نجمہ بلال اور مسز سلمیٰ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اورطالبات کی کثیر تعدادموجود تھی۔
پروفیسر ڈاکٹر پروین خان نے کہا کہ حضور اکرمؐ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بناکر بھیجا گیا۔نبی پاکؐ کے امتی ہونے کے ناطے ہمارا فرض ہے کہ حضور اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔نبی کریمؐ نے انسانیت کو خلوص‘ ایمانداری اور دیانت داری کی تعلیمات اور لوگوں کو انسانیت کی خدمت کرنے کا درس دیا۔بیگم صفیہ اسحاق نے کہا کہ نبی کریمؐ محسن انسانیت ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے قیامت تک کیلئے حضور اکرمؐ کا ذکر مبارک بلند کردیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو سیرت طیبہﷺ پر عمل کرنے کی توفیق بخشے ۔ ایک مثالی معاشرہ کی تشکیل کیلئے ہمیں عملی طورپرنبی کریمؐ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ آپؐ کی حیات طیبہ ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے اورہمیں اسی کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنا چاہئے۔بیگم صباحت رمضان سیالوی نے کہا کہ نبی اکرمؐ کی ذات مبارکہ ہم سب کے لیے لائق تقلید ہے۔ آپؐ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرکے ہی ہم دنیا و آخرت میں کامیابی و کامرانی حاصل کر سکتے ہیں۔رخسانہ کوکب نے کہا کہ نبی کریمؐ کی اس دنیا میں آمد کائنات کی تاریخ میں وہ بابرکت لمحہ ہے جب پوری دنیا کی کایا پلٹ گئی۔آپؐنے انسانیت کو فکری انقلاب سے روشناس کروایا۔ہمیں نبی پاکؐ کی تعلیمات پر عمل کرناچاہئے اور مکمل طور پر غلامی مصطفیؐ میں آنا ہوگا۔ محفل میلاد کے دوران مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات نے بارگاہ رسالت مآبؐ میں ہدیۂ عقیدت پیش کیاجبکہ اختتام پر نبی پاکؐ کے حضور درودوسلام پڑھا گیا۔ آخر میں طیبہ ضیاء چیمہ نے ملکی ترقی واستحکام کیلئے خصوصی دعاکروائی۔