تعلیم انسان کو انسان اور آگے بڑھنے کا جذبہ دیتی ہے،محمد حسین محنتی
کراچی/نصیرآباد (پ ر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ تعلیم انسان کو انسان اور آگے بڑھنے کا جذبہ دیتی ہے۔ طلبہ خود کو پہچانیں،قوم کے لیڈر و قائد بنیں۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے اپنی شاعری میں اسی خودی کی طرف اشارہ کیا ہے۔ بڑا آدمی اور لیڈر بننے کیلیے تعلیم کے ساتھ اپنے اخلاق و کردار کو بھتر بنائیں۔ بلوچستان کے پسماندہ علاقے میں قابل و بہترین منتظمین اور شفیق اساتذہ کی سرپرستی میں الہدیٰ پبلک اسکول نسل نو کی اسلام و نظریہ پاکستان کے ہم آہنگ تعلیم و تربیت کا بہترین و مثالی ادارہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی بلوچستان میں الہدیٰ پبلک اسکول کے دورے، طلباء و اساتذہ سے خطاب کے دوران کیا۔پرنسپل پروفیسر محمد ابراہیم ابڑو، وائیس پرنسپل خاوند بخش مینگل،اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ بعد ازاں جماعت اسلامی ضلع نصیر آباد کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد حسین محنتی نے کہاکہ جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے۔ جماعت اسلامی انبیائے کرام کے مشن کو آگے لیکر چل رہی ہے۔ ہمارا بنیادی کام دعوت کا ہے۔ دعوت کے ذریعے سے ہی تنظیم کو استحکام ملتا ہے۔ انہوں نے دعوت کو وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ تحریک کے ہر کارکن کو معاشرے میں اپنی دعوت و پیغام کا مثالی نمونہ پیش کرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ سی پیک خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے مگر اس کے ثمرات کا پہلا حق گوادر سمیت اہل بلوچستان کا ہے۔بدقسمتی سے سی پیک کے مرکز گوادر کے عوام پانی بجلی اور تعلیم سمیت زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم اور اپنے حقوق کے حصول کے سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں یہ صورتحال حکمرانوں اور جمہوریت پسند لوگوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔