سانحہ اے پی ایس:شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر منظور
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )قومی اسمبلی میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد کثرت سے منظور کرلی گئی ۔
پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے سانحہ اے پی ایس کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے قرارداد پیش کی، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان قرار دیتا ہے کہ اے پی ایس کے شہید بچوں کی قربانی نے پورے پاکستان کو دہشتگردی کے خلاف متحد کیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی حکومت، ایوان اور عوام اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ دہشتگردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، یہ ایوان دہشتگردی کے خلاف فورسزکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
قراردار میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کو دہشتگردی سے مکمل پاک کرنے کا اعادہ کرتا ہے۔