دنیا گلوبل ویلج بن چکی‘ہمیں اپنی سوچ کو بدلنا ہوگا،چاندنی
لاہور(فلم رپورٹر)ابھرتی ہوئی اداکارہ و ماڈل چاندنی کا کہنا ہے کہ دنیا اب گلوبل ویلج بن چکی ہے اور ہمیں بھی اپنی سوچ کو دنیا کے ساتھ بدلنا ہوگا اور بزرگ سچ ہی کہتے ہیں کہ وقت کے ساتھ اپنے آپ کو بدل لینا ہی عقلمندی ہے۔ جدید دور کے ساتھ خود کو لے کر چلتی ہوں جب ہی کامیاب ہوں۔چاندنی کاکہنا ہے کہ ان دنوں ٹی وی کمرشلز میں مصروف ہوں۔مجھے فلموں اور ڈراموں میں کام کی پیشکش ہے لیکن میں زندگی کا ہر کام بہت سوچ سمجھ کر تی ہوں کیونکہ جلد بازی کے فیصلے انسان کو نقصان کے سوا کچھ نہیں دیتے۔ پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے بات صرف اتنی ہے کہ اس کو صلاحیتوں کے اظہار کا مناسب موقع نہیں ملتا۔ہمارے فنکاروں نے پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
پاکستانی فلم انڈسٹری کے حوالے سے چاندنی کاکہنا ہے کہ اس وقت لاہور اور کراچی میں تسلسل سے فلمیں بن رہی ہیں اور وہ دن دور نہیں ہے جب ہم لوگ اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلیں گے۔پاکستانی فلم انڈسٹری کی شہرت کا گراف قدرے بہتر ہوا ہے اب نا صرف پاکستان میں بلکہ بیرون ممالک میں بھی پاکستانی فلموں کو پسند کیا جارہا ہے ہماری فلمیں اچھا بزنس کررہی ہیں بیرون ممالک میں جو لوگ انڈین فلمیں دیکھتے تھے ان کے لئے بھی پاکستانی فلموں کی شکل میں آپشن مل گیا ہے، نئی فلموں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید بہتر سے بہتر فلمیں بنا کر ریلیز کرنے وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔