خاتون ٹیچرکو چاقو کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، مقتولہ کے شوہر اور بچے غائب
خیبر (ڈیلی پاکستان آن لائن) میری خیل میں پرائمری ٹیچر کو چاقو کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا، مقتولہ کے بچے اور شوہر غائب ہو گئے۔
نجی ٹی وی "جیو نیوز" کے مطابق خیبر کے نواحی علاقے میری خیل میں گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کی خاتون ٹیچر کو رات کے وقت قتل کیا گیا، قاتل نے بے رحمی سے چاقو کے اتنے وار کئے کہ کاری زخموں کے سبب خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔صبح چوکیدار نے سکول کھولا تو لاش ملی جسے لنڈی کوتل ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خاتون ٹیچر سکول میں شوہر اور بچوں کے ساتھ 2 ماہ سے رہائش پذیر تھی، واردات کے بعد سے مقتولہ کے بچے اور شوہر غائب ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔