بی ایل اے مجید بریگیڈ کی خاتون دہشت گرد گرفتار، خواتین کو بھرتی کون کر رہا ہے؟ ترجمان بلوچستان حکومت کا تہلکہ خیز انکشاف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) بلوچستان کے علاقے تربت سے بی ایل اے مجید بریگیڈ کی خاتون دہشت گرد اپنے ساتھی سمیت گرفتار کرلی گئی، ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ بی ایل اے کے سابق کمانڈر اسلم اچھو کی بیوی کی جانب سے بلوچ خواتین کو دہشت گرد کارروائیوں کیلئے تیار کرنے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت فرح عظیم شاہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تربت سے خاتون نورجہاں اور ان کے ساتھی کو گرفتار کیا گیا ہے۔ دونوں کا تعلق بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے مجید بریگیڈ سے ہے۔ خاتون سے خود کش جیکٹ،کلاشنکوف، نو کلو بارودی مواد اور چھ ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نورجہاں نے تفتیش کے دوران وحیدہ، فہمیدہ اور حمیدہ کے نام بتائے ہیں، ایسی کارروائیوں میں استعمال ہونے والی خواتین اور بچوں کے برین واش کیے جاتے ہیں۔نورجہاں کو دبئی سے ندیم نامی شخص پیسے بھیجتا تھا،دبئی حکومت سے ہماری حکومت کی بات چیت چل رہی ہے۔
ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا تھا کہ بی ایل اے کا اہم کمانڈر اسلم اچھو افغانستان میں ایک کارروائی کے نتیجے میں مارا گیا تھا، اس کی بیوی یاسمین خود کش حملہ آور خواتین کو پاکستان میں کارروائی کیلئے بھرتی کرتی ہے۔