کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے مشروط مذاکرات کی پیش کش کر دی
شمالی وزیرستان(مانیٹرنگ ڈیسک) کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے وفاقی حکومت سے مشروط طور پر مذاکرات کے لئے آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔ کالعدم تحریک طالبان نے حکومت پاکستان کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے اختیار اور اخلاص کا مظاہرہ کرے تو بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ مذاکرات کی پیشکش کالعدم تحریک طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد نے کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے لئے سنجیدہ نہیں لیکن کالعدم تحریک طالبان اپنے تمام نقصانات کے باوجود بامقصد اور بامعنی مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ طالبان نے باوقار اور سنجیدہ مذاکرات سے کبھی بھی انکار نہیں کیا۔ ترجمان کے مطابق ا±ن کے نزدیک ڈرون حملے سے بھی ثابت ہوا کہ حکومت مخلص نہیں اور اسی حملے کے باعث مذاکرات کا عمل برباد ہوا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ حکیم اللہ محسود پر حملے کی وجہ سے مذاکرات سے انکار نہیں کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت با اختیار نہیں ، مذاکرات کا اختیار کسی تیسرے کے پاس ہے۔ ان کے خلاف جنگ حکومت نے شروع کی اسے بند کرنے کا اعلان بھی حکومت کو کرنا چاہئے۔