تعمیری کے باعث پیدا ہونیوالے خدشات کا سامنا کرنے کا آغاز کر دیجیے،گھبراہٹ کا مظاہرہ نہ کیا جائے تو فکرمندی زندگی سے خارج ہو جاتی ہے
مصنف:ڈاکٹر وائن ڈبلیو ڈائر
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:93
تعمیری اور مثبت خیالات اورطرزعمل کے باعث پیدا ہونے والے خدشات کا سامنا کرنے کا آغاز کر دیجیے۔ میری ایک دوست نے حال ہی میں ساحل سمندر سے پرے ایک جزیرے میں ایک ہفتہ گزارا۔ یہ خاتون اس جزیرے پر بہت زیادہ پیدل چلتی رہی اور گشت و سیر سے لطف اٹھاتی رہی۔ اس دوران اسے معلوم ہو گیا کہ یہ جزیرہ ان کتوں سے بھرا پڑا ہے جنہیں آوارہ گردی سے کوئی نہیں روکتا۔ اس نے فیصلہ کر لیاکہ وہ اس خوف سے آزاد ہو جائے گی کہ یہ کتے اسے کاٹ سکتے ہیں یا اس کا بازو یا ٹانگ چیر پھاڑ سکتے ہیں۔ اس نے اپنے ہاتھ میں ایک پتھر (تحفظ) اٹھا لیا اور جب بھی کتے قریب آتے، وہ کسی قسم کے خوف کا مظاہرہ نہ کرتی۔ جب کتے اس کے پیچھے بھاگتے یا اس کی طرف دیکھ کر غراتے تو وہ پھر بھی حسب معمول چلتی رہتی اور کسی بھی قسم کی گھبراہٹ کا مظاہرہ نہ کرتی۔ جب کتوں نے دیکھا کہ جب وہ کسی پرحملہ کرنے کے لیے آگے بڑھتے ہیں اوروہ شخص بھاگنے سے انکا رکر دیتا ہے تو پھر انہوں نے ا س خاتون کا تعاقب ترک کر دیا۔
اس وقت میں متشددانہ روئیے اورطرزعمل کی حمایت نہیں کر رہا لیکن آپ سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ڈر، خوف یا فکرمندی کا موثر طو رپر سامنا کیا جائے اور گھبراہٹ کا مظاہرہ نہ کیا جائے تو یہ خوف دہشت اور فکرمندی آپ کی زندگی سے خارج ہو جاتی ہے۔
بلاشبہ اپنی زندگی میں سے فکرمندی کے عنصر کو خارج کرنے کے لیے آپ کے پاس بیشمار تراکیب موجود ہیں لیکن سب سے زوراثر اور تیربہدف طریقہ آپ کا وہ عزم وارادہ ہے جس کے ذریعے آپ فکرمندی کو اپنے خیالات میں جگہ پانے سے روک لیتے ہیں۔ جب آپ کے خیالات فکرمندی کے عنصر سے پاک ہو جائیں گے تو پھر آپ کی زندگی بھی فکرمندی سے پاک ہو جائے گا۔
فکرمندی اور پشیمانی کے ضمن میں حتمی نظریات
فکرمندی اور پشیمانی پر مبنی سرگرمیوں کے متعلق فہم و ادراک حاصل کرنے کے لیے آپ کے موجودہ لمحات (حال) ایک کلید کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اپنے موجودہ لمحات (حال) میں زندگی بسر کرنا سیکھیے اور اپنے موجودہ لمحات (حال) کو ماضی یا مستقبل کے متعلق شرمندگی یا فکرمندی میں مبتلا ہو کر اپنے آپ کو غیرفعال اور بے عمل مت بنایئے۔ آپ کے موجودہ لمحے (حال) کے علاوہ کوئی ایسا وقت آپ کے پاس موجود نہیں جس میں آپ اپنے روزمرہ معمولات زندگی بحسن و خوبی انجام دے سکیں۔
”آنے والا کل بھی بیکا رہے، گزر اہوا کل بھی بیکار ہے، صرف آج کا دن کارآمد ہے۔“(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔