مینز ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز ایونٹ کل شروع ہوگا

مینز ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز ایونٹ کل شروع ہوگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

برسلز ( نیٹ نیوز) ایف آئی ایچ مینز ہاکی ورلڈ لیگ سیمی فائنلز ایونٹ کل شروع ہوگا، ایونٹ 5 جولائی تک بیلجیئم میں کھیلا جائے گا۔ 16 روزہ ایونٹ میں دنیائے ہاکی کی ٹاپ دس ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جنہیں دو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، یہ ایونٹ آئندہ برس شیڈول ریو اولمپکس گیمز کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ ہے۔ پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں شرکت کے لئے بیلجیئم پہنچ چکی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو گروپ اے میں عالمی چیمپئن آسٹریلیا، روایتی حریف بھارت، پولینڈ اور فرانس کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ گروپ بی میں برطانیہ، بیلجیئم، ملائیشیا، آئرلینڈ اور چین شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم ابتدائی روز پولینڈ کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کرے گی، اسی روز دوسرا میچ بھارت اور فرانس کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم دوسرا میچ 24 جون کو آسٹریلیا، تیسرا میچ26 جون کو روایتی حریف بھارت جبکہ چوتھا اور آخری میچ 28 جون کو فرانس کے خلاف کھیلے گی۔ ایونٹ کے کوارٹر فائنلز یکم جولائی، سیمی فائنلز 3 جولائی کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 5 جولائی کو دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران کا کہنا ہے کہ یہ ایونٹ ہمارے لئے بہت اہمیت کاحامل ہے اور اس میں ہم بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور اس کے لئے ہم نے محنت کی ہے انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں ہمیں مضبوط ٹیموں سے کھیلنے کا موقع ملے گا اور ہم ہر ٹیم کے ساتھ میچ جیتنے کی کوشش کریں گے اور تمام کھلاڑی اس کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہماری محنت ضرور رنگ لیکر آئے گی۔