قوم ”پر شہباز سپیڈ“ کی حقیقت اب آشکار ہوئی، جو کرپشن سپیڈ تھی

قوم ”پر شہباز سپیڈ“ کی حقیقت اب آشکار ہوئی، جو کرپشن سپیڈ تھی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(این این آئی)ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ قوم پر ”شہباز سپیڈ“کی حقیقت اب آشکار ہوئی ہے جو در حقیقت ”کرپشن سپیڈ“ تھی،کورونا وائرس کی وباء کے آتے ہی مسلم لیگ (ن) کے سینے میں بہت سی خواہشوں نے جنم لیا اور شہباز شریف بھی اسی لئے پاکستان آئے تھے،نا مساعد معاشی حالات کے باوجود حکومت نے کڑے وقت میں کسی بھی طبقے کو تنہا نہیں چھوڑا۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے اپنے دور اقتدار میں بزنس ایمپائرز کھڑی کیں اور ٹی ٹیز لگانے کیلئے درجنوں جعلی کمپنیاں بنائیں۔ مسلم لیگ (ن) کے دور میں نہ صرف بڑے اور چھوٹے میاں بلکہ ان کے بچوں کے درمیان بھی ملک کی دولت لوٹنے کا مقابلہ تھا جس کا خمیازہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ قوم پر ”شہباز سپیڈ“ کی حقیقت بھی اب آشکار ہوئی ہے جو در حقیقت ”کرپشن سپیڈ“ تھی جس نے ملک و قوم کوکئی دہائیاں پیچھے دھکیل دیا۔ مسلم لیگ (ن) میں مفاد پرستوں کا ٹولہ اپنی قیادت کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کیلئے دن رات کوشاں ہے لیکن ان کی دال نہیں گل رہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے پیٹ میں اس لئے بھی مروڑ اٹھ رہے ہیں کہ حکومت نے معاشی سر گرمیاں بحال کرنے کیلئے لاک ڈاؤن میں کیوں نرمی کی، یہ چاہتے ہیں کہ عوام فاقوں سے اپنے گھروں میں مر جائیں اور معیشت ان کے دور کی طرح تنزلی کی گہرائیوں میں چلی جائے۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ انشا اللہ حکومت اپنی آئینی مدت کرے گی اور بد خواہ پہلے کی طرح ناکام اور نا مراد ہی رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لئے حکومت دن رات کوشاں ہے اور عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ جلد سے جلد اس سے چھٹکارا حاصل کیا جا سکے۔
مسرت جمشید چیمہ

مزید :

صفحہ آخر -