پاکستان اور روس کا توانائی سمیت دو طرفہ تعاون کو وسعت اور فروغ دینے پر اتفاق
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )نائب وزیر اعظم اوروزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان اور روس نے توانائی، تجارت، ثقافتی اور تعلیمی تعاون کو مزید وسعت اور فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے، دونوں ممالک عالمی فورمز پر مختلف ایشوز پر اتفاق رائے رکھتے ہیں۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق دفتر خارجہ اسلام آباد میں روسی نائب وزیر اعظم الیکسی ورچوک کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ روس کے مسلم دنیا اور او آئی سی کے رکن ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات ہیں، برکس میں پاکستان کی شمولیت کے حوالے روس کی حمایت کو سراہتے ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان برکس میں شمولیت کیلئے کوشاں ہے تاہم برکس کا ممبر بننے کیلئے ایک طریقہ کار ہے، جس کو پاکستان پورا کرے گا تاہم برکس کی ممبرشپ کسی اکثریتی فیصلے سے نہیں بلکہ اتفاق رائے کے تحت ہوتی ہے۔
اس موقع پر روس کے نائب وزیراعظم الیکسی ورچوک کا کہنا تھا کہ انہوں نے نارتھ ساو¿تھ ٹرانسپورٹ کاریڈور اور یوریشین اکنامک یونین کو جوائن کرنے کے فوائد کے بارے میں پاکستان کو آگاہ کیا ہے۔
روسی نائب وزیراعظم الیکسی ورچوک نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان نے برکس میں شمولیت کیلئے اپلائی کیا ہے، برکس اور شنگھائی تعاون تنظیم سسٹر آرگنائزیشنز ہیں تاہم اتحاد میں ملکوں کی شمولیت اتفاق رائے سے ہوتی ہے۔
روسی نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ان کے ہمراہ آئے وفود پاکستانی حکام سے مختلف شعبوں میں تعاون پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔