اچھی شہرت آپ کا سب سے عظیم اور اہم اثاثہ ہے اس کی حفاظت کیجئے، ایمانداری احمقانہ فعل نہیں دانشمندی حاصل کرنے کا راستہ ہے

 اچھی شہرت آپ کا سب سے عظیم اور اہم اثاثہ ہے اس کی حفاظت کیجئے، ایمانداری ...
 اچھی شہرت آپ کا سب سے عظیم اور اہم اثاثہ ہے اس کی حفاظت کیجئے، ایمانداری احمقانہ فعل نہیں دانشمندی حاصل کرنے کا راستہ ہے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مصنف:ڈاکٹر ڈیوڈ جوزف شیوارڈز
ترجمہ:ریاض محمود انجم
 قسط:215
جو لوگ معاشرے کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پکڑے جاتے ہیں، 2 اہم اور بڑی غلطیاں کرتے ہیں۔ پہلے تو یہ کہ وہ عرصہ دارز سے حاصل نیک نامی اور اچھی شہرت کو لمحوں میں ملیامیٹ کر دیتے ہیں اور دوسرے وہ اپنے اس غلط کام کے باعث اس سے کہیں کم دولت حاصل کر پاتے ہیں، جو وہ اپنے ایمانداری کے باعث حاصل کر پاتے۔
اچھی شہرت اور نیک نامی برقرار اور بحال رکھنے کے ضمن میں 3 مفید و مؤثر طرائق درج ذیل ہیں: 
1: آپ کی اچھی شہرت اور نیک نامی آپ کا سب سے عظیم اور اہم اثاثہ ہے اس کی حفاظت کیجئے:ایک اچھی شہرت اور نیک نامی کے حصول اور تخلیق کے لیے بہت زیادہ وقت اور کوشش درکار ہوتی ہے۔ لیکن ایک دفعہ یہ اچھی شہرت اور نیک نامی داغدار ہو جائے تو اس کی دوبارہ بحالی ناممکن ہوتی ہے۔ اگر آپ اپنے راستے سے بھٹک جاتے ہیں، تو آپ کی پریشانیوں اور مصائب کی خبریں نہایت تیزی سے پھیل جاتی ہیں اور پھر لوگ تضحیک آمیز انداز میں کہتے ہیں یہ شخص تو اسی سلوک کامستحق تھا۔
2:  آپ اپنی نیک نامی اور اچھی شہرت کے ذریعے دوسروں کے لیے مثال قائم کرتے ہیں۔ یہ امر یقینی بنائیں کہ لوگ آپ کے نقش قدم پر چلیں:خواہ آپ ایک مقامی، علاقائی یا قومی ممتاز اور مشہور فرد ہیں، تو پھر آپ کے انداز ہائے فکر، رویوں اور عادات کو لوگ اپنے لیے مشعل راہ سمجھتے ہیں۔ ہم میں سے ہر شخص کو یہ سوال خود سے ضرور پوچھنا چاہیے ”کیا میری مثال اور نمونہ قابل تقلید ہے۔“ عام لوگوں کی طرف سے خطرناک اور بے ضرررساں ادویات استعمال کرنے کی وجہ صرف یہ ہے کہ مشہور اور ممتاز کھلاڑی، اداکار اور فن کار اس قسم کی ادویات استعمال کرتے ہیں۔ ایک اخباری نامہ نگار نے بتایا کہ جب بھی کسی مشہور شخصیت کے بارے میں ادویات استعمال کرنے کے حوالے سے باتصویر خبر شائع ہوتی ہے، تو پھر کم از ایک ہزار نوجوان لڑکے، لڑکیاں، ان ادویات کو استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں اور جب ایک دیہاتی علاقے کا ایک کونسلر کسی ٹھیکیدار کے ساتھ دھوکہ دہی اور فریب کاری کے کسی معاملے میں ملوث ہوتا ہے، تو دیگر درجنوں لوگ اس قسم کے سودے کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس مرحلے پر قابل غور نکتہ یہ ہے کہ دوسرے لوگوں کے لیے اچھی مثالیں قائم کیجئے اور پھر ایک بہتر سے بہترین اداروں، معاشروں اور بہترین قوم کی تشکیل میں حصہ لیجئے۔
3: ایمانداری، ابھی بھی عظیم کامیابی کی ضمانت ہے:قانونی طریقوں کے ذریعے بے تحاشا دولت کمائی اور حاصل کی جاسکتی ہے۔ دھوکہ باز اور بے ایمان لوگ دولت حاصل کرنے کے لیے دھوکہ دہی فریب کاری پر مبنی منصوبے تیار کرتے کے لیے جتنا وقت صرف کرتے ہیں، اگر وہ اس سے نصف وقت بھی ایماندارانہ اور جائز طریقوں کے ذریعے دولت حاصل کرنے کے لیے صرف کریں تو وہ کہیں زیادہ دولت کما سکتے ہیں۔ ایمانداری، احمقانہ فعل نہیں ہے بلکہ ایمانداری، فہم و فراست اور دانش مندی حاصل کرنے کا ایک راستہ ہے۔
آپ روز مرہ زندگی کے عام مسائل اور معاملات میں غیر متزلزل صبر و تحمل سے کیسے بخوبی کام لے سکتے ہیں:
ہم میں سے اکثر افراد کے لیے ممکن نہیں ہے کہ ہم خلا ئی سفر، ٹیلی ویژن کی ایجاد، سمندری مہمات، طبی تحقیقات اور دیگر ناممکن واقعات میں ملوث ہوسکیں لیکن ہماری زندگی میں ایسے چھوٹے چھوٹے واقعات بھی وقوع پذیر ہوتے ہیں جو بحیثیت مجموعی انسانیت کے لیے چنداں دلچسپی کے حامل نہیں لیکن انفرادی افراد کی حیثیت سے ہمارے لیے یہ چھوٹے چھوٹے واقعات بہت اہم ہوسکتے ہیں۔ ان چھوٹے چھوٹے واقعات یا حالات کے حوالے سے بھی غیر متزلزل اور مستحکم صبر و تحمل ہمارے لیے کامیابی کا باعث ہوسکتا ہے بشرطیکہ: 
الف:  مقصد اہم ہو۔
ب:آپ میں اپنے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے صلاحیتیں موجود ہوں 
ج: آپ میں غیر متزلزل اور مستحکم صبر و تحمل کا مادہ موجود ہو۔
اس ضمن میں مندرجہ ذیل مثالیں ملاحظہ کیجئے۔(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

ادب وثقافت -