شیر کے ساتھ سیلفی بنانے کا شوقین شہری ہسپتال پہنچ گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور میں واقع فارم ہاؤس پر سیلفی بنانے کے شوقین شہری پر شیر نے حملہ کردیا، زخمی شہری کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے سبزہ زار میں واقع فارم ہاؤس پر رکھے گئے شیر کےساتھ سیلفی بنانے کی کوشش شہری کو مہنگی پڑگئی، عظیم نے شیر کے پنجرے کا جنگلا کھول کر تصویر بنانے کی کوشش کی، پنجرے کا جنگلا کھلا دیکھ کر شیر نے شہری پر حملہ کردیا، جس سے شہری زخمی ہوگیا، زخمی کو طبی امداد کیلئےہسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق شہری عظیم دوستوں کے ہمراہ سبزہ زار میں میاں عمر کے فارم ہاؤس پر شیر دیکھنے گیا تھا، شیر کے حملے سے شہری کے سر، چہرے اور بازو پر زخم آئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ درخواست آنے پر شیر مالک کیخلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ فارم ہاؤس کا مالک میاں عمر اس سے قبل یوٹیوبر رجب بٹ کو شادی پر شیر کا بچہ تحفے میں دینے پر خبروں کی زینت بنا تھا۔