خواتین کے چہرے کی رنگت کب سرخ ہو جاتی ہے،سائنسدانو ں نے اہم رازسے پر دہ اٹھا دیا
گلاسگو (نیوز ڈیسک) خواتین کے گلابی گال شعروں اور گیتوں کا موضوع تو اکثر رہے ہیں لیکن پہلی دفعہ سائنسدانوں نے ایک تحقیق میں معلوم کیا ہے کہ گالوں کی گلابی رنگت کا تعلق تولیدی ذرخیزی سے بھی ہے۔
گلاسگو یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے 21 سال عمر کی 116 خواتین پر کی گئی تحقیق میں معلوم کیا کہ جب وہ اپنے ایام کے ذرخیز ترین مرحلے میں تھیں تو ان کے چہرے کی رنگت قدرتی طور پر زیادہ گلوبی یا سرخ ہوگئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین میں چہرے کی رنگت سرخ ہونے کی وجہ جنسی ہارمون ایسٹرا ڈیول ہے جو تولیدی صحت کا عکاس ہے اور اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت کی طرف اشارہ ہے۔ اس ہارمون کی وجہ سے چہرے کی جلد میں موجود خون کی نالیوں میں دوران خون میں اضافہ ہوجاتا ہے اور رنگت سرخ ہونے لگتی ہے۔
تحقیق کاروں کا کہنا ہے کہ چہرے کی سرخ رنگت کے تولیدی صحت کے ساتھ تعلق کی وجہ سے ہی خواتین کے گلابی گالوں کے لئے پسندیدگی کا رویہ عام پایا جاتا ہے۔ کچھ ماہرین خواتین میں سرخ اور گلابی رنگ کی مقبولیت کو بھی اسی پہلو سے جوڑتے ہیں۔ یہ تحقیق سائنسی جریدے ”سائیکو نیورو اینڈو کرائنولوجی“ میں شائع کی گئی ہے۔