4 ہفتوں میں بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس کی مد میں کتنی رقم جمع ہوئی ۔۔؟ وزارت قانون و انصاف نے تفصیلات شیئر کر دیں

اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزارت قانون و انصاف کا کہنا ہے کہ بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس وصولی کی مد میں ایک اور بڑی کامیابی ہوئی ہے،4 ہفتوں میں بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس کی مد میں 34.5 ارب روپے سے زائد رقم جمع ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے بھی پنجاب میں رجسٹرڈ بینکوں کی درخواستوں پر حکم امتناعی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، حکم امتناعی خارج ہونے پر پنجاب کے بینکوں نے آج واجب الادا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کروایا۔پنجاب کے 7 بینکوں نے مجموعی طور پر 11 ارب 48 کروڑ 36 لاکھ سے زیادہ رقم جمع کروائی، 3 ہفتے پہلے سندھ ہائیکورٹ کا سٹے آرڈر ختم ہونے پر بینکوں نے23 ارب روپے جمع کروائے۔ 2023 میں بینکوں کےغیر معمولی اور اضافی منافع پر ونڈ فال ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وزیر قانون، وزیر خزانہ، اٹارنی جنرل، چیئرمین ایف بی آر، سیکرٹری خزانہ اور ان کی ٹیم نے محنت سے تاریخی اقدام ممکن بنایا۔ اسی طرح کے تخلیقی اقدامات سے ٹیکس کلیکشن میں اضافہ اور معیشت میں بہتری کی امیدکی جاسکتی ہے۔ قومی خزانے میں جمع 34.5 ارب روپے سے صحت، تعلیم و دیگر عوامی فلاحی منصوبے بنائے جائیں گے، اسی طرح کے مزید اقدامات سے ہم پاکستان کو بہت جلد خود کفیل بنائیں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، اٹارنی جنرل منصور اعوان، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال کو زیرالتوا ءمقدمات میں فوری اقدامات کی ہدایت کی تھی۔