نوجوان نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر خود ہی پیٹ کا آپریشن کر ڈالا، 11 ٹانکے بھی لگالیے

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ورِنداون میں 32 سالہ نوجوان نے شدید پیٹ درد سے نجات کے لیے خود ہی اپنا آپریشن کر ڈالا۔ سنرکھ گاؤں کے رہائشی راجا بابو نامی شخص کئی دنوں سے شدید پیٹ درد میں مبتلا تھا۔ کئی بار ڈاکٹرز سے علاج کروانے کے باوجود جب افاقہ نہ ہوا تو اس نے خود ہی اپنی سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔
نیوز 18 کے مطابق راجا بابو کا 18 سال پہلے اپینڈکس کا آپریشن ہو چکا تھا جس کے بعد اس نے یوٹیوب پر پیٹ کی سرجری کے بارے میں ویڈیوز دیکھیں اور اس عمل کو خود انجام دینے کا ارادہ کر لیا۔ اس نے پہلے ضروری اشیاء کی فہرست تیار کی اور ایک میڈیکل سٹور سے سرجری کے اوزار، بلیڈ، بے ہوشی کی دوا، سوئیاں اور پلاسٹک دھاگے خرید لیے۔
بدھ کے روز اس نے اپنے گھر پر ہی خود کو سن کرنے کے بعد آپریشن شروع کیا۔ ابتدا میں اسے کسی قسم کی تکلیف محسوس نہیں ہوئی، کیونکہ بے ہوشی کی دوا کا اثر موجود تھا ۔ اس نے پیٹ کو چیر کر اپنا آپریشن مکمل کیا اور 11 ٹانکے لگا دیے۔ تاہم جب بے ہوشی کی دوا کا اثر ختم ہونے لگا تو اسے شدید تکلیف محسوس ہوئی اور وہ درد کے مارے چیخنے لگا۔
گھر والے راجا بابو کی چیخیں سن کر فوراً اسے ضلع جوائنٹ ہسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹرز نے فوری طبی امداد فراہم کی۔ تاہم اس کی تشویشناک حالت کو دیکھتے ہوئے اسے مزید علاج کے لیے آگرہ کے ایس این ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔ راجا بابو کے بھتیجے راہول کے مطابق اس کے چچا نے یوٹیوب کی ویڈیوز سے متاثر ہو کر یہ خطرناک قدم اٹھایا تھا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت طبی امداد نہ دی جاتی تو صورتحال مزید بگڑ سکتی تھی۔