پاکستانی شہری نے ٹیسلا کے سائبر ٹرک جیسی گاڑی بنا لی، یہ کون ہے؟ جانئے
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان کی سڑکوں پر ٹیسلا سائبر ٹرک کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ یہ منفرد گاڑی لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور اس کی جھلک نے صارفین کو حیرت اور تجسس میں مبتلا کر دیا ہے۔تاہم، یہ گاڑی اصل ٹیسلا سائبر ٹرک نہیں بلکہ گوجرانوالہ کے ایک ہنر مند انجینیئر ولی محمد کی تخلیق ہے۔ولی محمد نے اپنی ورکشاپ میں ایک مقامی کلائنٹ کی فرمائش پر یہ گاڑی تیار کی ہے، جس پر تقریبا 30 لاکھ روپے لاگت آئی۔ گاڑی کو اس قدر مہارت سے ماڈیفائی کیا گیا ہے کہ پہلی نظر میں بلکل اصل سائبر ٹرک دکھائی دیتا ہے اور فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔سابق نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا، جگاڑ راکڈ، ایلون مسک شاکڈ۔