پی ٹی آئی نے بدنیتی پر مبنی عجلت میں فیصلہ کیا، بغیر وجہ مذاکرات ختم کیے: عطا تارڑ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات ختم کیے جانے پر ردعمل میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے تھوڑی عجلت سے کام لیا ہے، تھوڑی جلد بازی کی۔
عطا اللہ تارڑ نے نجی ٹی وی "جیو نیوز" کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے مطالبات کے جواب میں ہمارا جواب آنا تھا ، پی ٹی آئی کے مطالبات کے جواب کیلئے سیر حاصل گفتگو کی گئی تھی۔ ضروری نہیں کہ کمیشن بنے، درمیانی راستے پر غور ہو رہا تھا کہ کمیشن کے بجائے کمیٹی بنا دیں ،پی ٹی آئی نے تھوڑی عجلت سے کام لیا ہے،تھوڑی جلد بازی کی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ایساجائز بہانہ ہی ڈھونڈ لیتے کہ لگتا ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ، انہوں نے بدنیتی پر مبنی عجلت میں فیصلہ کیا، بغیر وجہ مذاکرات ختم کیے، جواب کا انتظار کرنا ڈیڈ لائن تک لازم تھا ،اب ذمہ داری پی ٹی آئی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حامد رضا کے گھر یا مدرسے پر چھاپے پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے رابطہ کیا جاتا، 190 ملین پاﺅنڈ کیس کا اثر کم کرنے کیلئے رخ موڑا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ حکومت نے 7 روز میں کمیشن بنانا تھا لیکن اب تک حکومت نے 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا اس لیے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔