پراپرٹی ٹیکس میں اصلاحات کا نوٹیفیکیشن جاری، کتنی مالیت کے رہائشی مکانات اور پلاٹس کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ؟ جانیے
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے پراپرٹی ٹیکس میں اصلاحات کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ کے مطابق یہ نوٹیفیکیشن کابینہ کی منظوری کے بعد نافذ کیا گیا ہے، جس کا مقصد پراپرٹی ٹیکس سسٹم میں شفافیت اور یکسانیت کو یقینی بنانا ہے۔
اصلاحات کے تحت آئندہ پراپرٹی ٹیکس کا تعین ڈی سی ٹیبل میں دی گئی مالیت کے مطابق کیا جائے گا۔ 50 لاکھ روپے تک کی مالیت کے رہائشی مکانات اور پلاٹس ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیئے گئے ہیں۔ موجودہ ٹیکس گزاران کو اس مالی سال میں کسی اضافی ٹیکس کی ادائیگی نہیں کرنا پڑے گی، جبکہ نئے ٹیکس گزاران کو اس سال اپنے کل ٹیکس کا صرف 25 فیصد ادا کرنا ہوگا۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مزید وضاحت کی کہ ٹیکس گزاران کو اپنے واجب الادا ٹیکسز کا تخمینہ خود لگانے کے لیے سیلف اسسمنٹ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس نظام کے ذریعے ٹیکس گزاران اپنی پراپرٹی کی مالیت کے مطابق اپنے واجب الادا ٹیکس کا تخمینہ باآسانی لگا سکیں گے۔
پراپرٹی ٹیکس سے حاصل ہونے والی رقم کو انہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے خرچ کیا جائے گا جہاں سے یہ ٹیکس اکٹھا کیا جاتا ہے۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی یہ کوشش عوام کو سہولت فراہم کرنے اور ٹیکس کے نظام میں بہتری لانے کے لیے اہم قدم ثابت ہوگی۔