بھائی اور بھابھی نے آدمی کو کھمبے سے باندھ کر زندہ جلا دیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست بہار کے ضلع مظفرپور میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں زمین کے تنازع پر ایک شخص کو اس کے بھائی اور بھابھی نے کھمبے سے باندھا، بے رحمی سے تشدد کیا اور پھر مٹی کا تیل ڈال کر زندہ جلا دیا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق سدھیر کمار نامی ذہنی معذور شخص کا اپنی بھابھی نیتو دیوی سے جھگڑا ہوا۔جھگڑے کے بعد بھابھی نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر سدھیر کو ایک بجلی کے کھمبے سے باندھ دیا اور شدید مار پیٹ کی۔ ظلم کا سلسلہ یہاں ختم نہ ہوا دونوں نے اس پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگا دی۔
ایک چوکیدار نے اس واقعے کے بارے میں پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر آدھی جلی ہوئی لاش کو برآمد کیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس کے مطابق بھابھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ بھائی کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔