خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس میں ’’نسوار‘‘ پر ایک گھنٹے سے زائد بحث ہوتی رہی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے نسوار پر ٹیکس عائد کرنے کی مخالفت کردی۔
جمعہ کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں مالی سال 25-2024 کا بجٹ پیش کیا گیا ہے جس سے قبل صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ایک گھنٹہ سے زائد نسوار پر ٹیکس لگانے پر بحث ہوئی۔بجٹ میں نسوار پر ٹیکس لگانے کی تجویز سامنے آئی تو وزیر اعلیٰ نے اس کی مخالفت کردی۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ نسوارغریب لوگ استعمال کرتے ہیں، اس پر ٹیکس نہ لگایا جائے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم 100 ارب روپے کا سرپلس بجٹ پیش کر رہے ہیں، بجٹ کی تیاری میں تمام محکموں خصوصاً محکمہ خزانہ اور منصوبہ بندی کا کردار قابل ستائش ہے، بجٹ میں شامل عوامی فلاح وبہبود اور اصلا حاتی اقدامات پر عملدرآمد کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔